بارسلونا(تارکین وطن نیوز )بارسلونا کے نواحی علاقے روبی میں قتل ہونے والے پاکستانی کے مبینہ قاتلوں کو گرفتار کرلیاگیاہے۔ گرفتار ملزمان کی عمریں 20 سال سے کم ہیں تاہم پولیس کی جانب سے گرفتار افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ ہسپانوی اخبار کے مطابق ملزمان کا پولیس ریکارڈ بھی موجود ہے لیکن کسی بڑی واردات میں کبھی ملوث نہیں پائے گئے۔دونوں ملزمان کو کل صبح گرفتار کیاگیاہے۔
واضع رہے 8 اکتوبر کی شام ملزمان دوکان سے چوری کرکے بھاگے جس کے بعد دوکاندارنے ان کا پیچھا کیا، پکڑے جانے سے بچنے کے لئے ملزمان نے چاقو کے وار کئے جوکہ جان لیوا ثابت ہوئے۔ ملزمان کی گرفتاری گواہان کے بیانات اور سکیورٹی کیمروں کی مدد سے عمل میں آئی ہے۔
مقتول پاکستانی محمد شہباز کی میت کچھ روز قبل پاکستان پہنچا دی گئی تھی۔ مقتول کا تعلق گجرات کے گا ئوں تریڑانوالہ ڈنگہ سے تھا۔ وہ عرصہ دراز سے بسلسلہ روزگار سپین میں مقیم تھے۔
ڈکیتی کی بہیمانہ واردات پر ہسپانوی و پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور 11 اکتوبر کو سٹی کونسل کے سامنے بہت بڑامظاہرہ کیاگیاتھامظاہرے کے دوران قتل ہونے والے پاکستانی سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
پاکستا نی کمیونٹی اور مقامی شہریوں کی جانب قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیاگیاتھا۔