جرمنی: پیپلزپارٹی برلن کی جانب سے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد
برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پیپلزپارٹی برلن کی جانب سے پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 97 ویں سالگرہ تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر کیک کاٹا گیا۔
کارکنان نے ذوالفقارعلی بھٹومرحوم کی قوم کے لیے کی گئی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےتجدیدعہد وفاکیا،جرمن دارالحکومت برلن کے ضلع ویڈنگ کے معروف ریسٹورنٹ خان بابا میں منعقدہ سالگرہ تقریب کا آغاز سینئرنائب صدر منیر بیگ کی صدارت میں ظہور احمد کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
پیپلز پارٹی برلن کے جنرل سیکرٹری میاں اکمل لطیف نے کہا ہے کہ ہم شہید قائد کے عوام کے نظریے پر ثابت قدم ہیں، بھٹو نے کچلے ہوئے طبقات کو طاقت دی اور عوام کو عزت و وقار سے جینے کا ڈھنگ سکھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی برلن کے سینئر نائب صدرمنیر بیگ نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بھٹو خاندان کی جانوں کا صدقہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، پاکستان کے نوے ہزار قیدیوں کو بھارت کی قید سے چھڑایا، پاکستان کو ایٹمی طاقت دیکر ناقابل تسخیر اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔
چیئرمین پریس کلب سینئر صحافی رہنما ظہور احمد نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے عالم اسلام کو متحد کیا اور عرب ممالک کو تیل کی دولت کا احساس دلایا، ان کی انہی کاوشوں پر مغربی طاقتیں بھٹو کی دشمن بنیں اور انہیں ایک آمر کےذریعے موت کی سزا دلوائی ۔
پیپلز پارٹی برلن کےنائب صدر و سوشل ایکٹوسٹ عابد حسین بلوچ نے کہاکہ شہید بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔بھٹو شہید کے نظریے پر کاربند رہنا ہمارا نصب العین ہے،ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے لیے اپنا خاندان پیش کیا،پاکستان میں جمہوریت کے لیے ذوالفقارعلی بھٹو کے خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کے عدالتی قتل نے عوام کو ان کی خدمات اور صدیوں میں پیدا ہونے والے عالم اسلام کے عظیم مدبر سے محروم کر دیا۔
سینئر رہنما ملک ایوب اعوان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کی دوبارہ تعمیر کی، پیپلز پارٹی اپنے قائد عوام کے ہر خواب کو پورا کرے گی۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کمزور کرنے والوں کے سامنے آج بھی مضبوط رکاوٹ کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہے۔
اس موقع پر سابق کارکنان پی ایس ایف، یوتھ ونگ برلن رہنماعلی جعفری، ناظم، ابوبکر، سردار جہانگیر، فاروق بخاری اور عارف سلیمی سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نےتقریب میں شرکت کی۔
سالگرہ کی تقریب میں پیپلزپارٹی کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی، اختتام پر 5 جنوری کو ذوالفقار علی بھٹو کی 97 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیااور شرکاءکے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔