بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے زیراہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں اور عام پاکستانیوں نے شرکت کی۔نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے سر انجام دئیے۔
تقریب سے صدر پیپلز پارٹی اسپین چوہدری اشتیاق حسین نے اپنے خطاب میں تمام جیالوں کو شہید قائد جمہوریت کی سالگرہ کی مبارک باد دی اور قائد جمہوریت کے سیاسی کارناموں اور پاکستان کے لئے دی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
سینئر نائب صدر پی پی یورپ چوہدری ساجد گوندل نے کہا کہ شہید قائد جمہوریت نے پاکستان کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کو مضبوط کیا انہوں نے کہا کہ میں اپنی موجودہ قیادت سے اپیل کرتا ہوں کہ پارٹی کو قائد جمہوریت اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے سیاسی نظریات چلائے آج بھی بھٹوخاندان سے محبت کرنے والے کم نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو قائد جمہوریت کے سیاسی نظریات سے آگاہی دی جائے،نائب صدر پی پی اسپین میاں عبدالروف آرائیں،پروفیسر طاہر عظیم،راجہ ضیا صدیق اور دیگر نے بھی قائد جمہوریت کی پاکستان کے لئے عوام پاکستان کے لئے دی جانے والی خدمات کو شعری انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر قائد جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا پارٹی قائدین نے مل کر کیک کاٹا اور جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔