سٹاک ہوم (عارف کسانہ/نمائندہ خصوصی) شمالی یورپ کے خوبصورت ملک فن لینڈ میں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس سلسلہ کی اہم تقریب سالانہ تاجدار ختم نبوت محمد رسول اللہ کانفرنس اور عید میلاد النبی کا جلوس تھا۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ھیلسنکی کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے عید میلاد النبی کا جلوس شروع ہوا،جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔
یہ جلوس مختلف راستوں سے گزرا جس کے شرکاء اللہ کی وحدانیت اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کے نعرے لگائے اور اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود سلام کے نذرانے پیش کئے۔ یہ جلوس ھیلسنکی نیشنل چرچ کے سامنے ھدیہ درود و سلام کے بعد اختتام پذیر ھوا۔ جلوس کی انتظامیہ میں ملک ندیم، چوھدری طاہر علی، شیخ طارق جمیل، شیخ طاہر شامل تھے۔
بعد ازاں ساتویں سالانہ تاجدار ختم نبوت محمد رسول اللہ کانفرنس زیر نگرانی ملک ندیم بٹ منعقد ہوئی۔ نظامت کے فرائض شہزاد شبیر نے انجام دیئے۔ تلاوت قرآن مجید کی سعادت محمد ابوبکر نعیمی، محمد سبحان سیالوی، شیخ محمد عفیف، محمد ابوبکر، سید محمد روبائیل نے حاصل کی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت صوفی ارشد محمود، انصر رحیم چوھدری، ذیشان بھائی، محسن بھائی، راجہ جنید، سید احمد رضا شاہ ،نے حاصل کی۔
برطانیہ سے آئے مہمان فیض رسول نے انتہائی مختصر اور جامع انداز میں سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ندیم اصغر نے ختم نبوت کے حوالے سے انتہائی خوبصورت اور جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول اور ختم نبوت ھمارا بنیادی عقیدہ ھے۔
کانفرنس کے آخر میں حافظ محمد مظہر اقبال نعیمی امام وخطیب مدینہ مسجد نے مختصر سا خطاب کرتے ھوئے فضائلِ درود شریف اور اس دن کی اھمیت پہ روشنی ڈالی۔ کانفرنس کا اختتام درود و سلام پر ہوا۔ شیخ طارق جمیل، راجہ جنید، لجپال گروپ اور محترم مولانا فیض القیوم کی جانب سے ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا۔
مسجد انتظامیہ کی جانب سے چوھدری تنویر احمد نے تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا۔