کویت میں اوور سیز پاکستانیز کمیشن،پنجاب کی تعارفی تقریب کا انعقاد

0

کویت(محمد عرفان شفیق)کویت کے مقامی ہوٹل میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مخدوم سید طارق محمود الحسن، وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مہمانانِ گرامی سے خطاب کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان فیصل مجید اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال تھے۔ اس کے علاوہ تقریب میں کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے صدور، جن میں عارف بٹ صدر پاکستان بزنس کونسل، حافظ محمد شبیر صدر پاکستان بزنس سنٹر، رانا اعجاز صدر کویت پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن، شہباز شیرازی حسین شیرازی صدر مجلس وحدت المسلمین، ماجد علی چوہدری ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر او پی ایف اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض محمد فیصل نے ادا کئے اور تقریب کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے کیا گیا، جسکی عظیم سعادت پیر امجد حسین اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت خلیل احمد بھٹی کو حاصل ہوئی۔ چیئرمین اوورسیز پنجاب کمیشن کویت پیر امجد حسین اور محمد عتیق الرحمن نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے بعد اوورسیز پنجاب کمیشن کے انعقاد کی وجوہات اس کا دائرہ کار اور طریقہ کار نیز پاکستانیوں کی مدد کرنے کے طریقہ کار پر مفصل گفتگو کی۔

اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لیے اس منفرد پلیٹ فارم، اس کے دائرہ اختیار اور طریقہ کار پر گفتگو کرتے ہوئے تقریب میں تشریف فرما پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے صدور نے پیر امجد حسین اور ان کی ٹیم کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ احسن قدم لائق تحسین اور قابل ستائش ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان فیصل مجید اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ آفیشل ہونے کے باوجود ہمیں اس ادارے کے متعلق کچھ علم نہ تھا اور آج کی اس تقریب میں شمولیت سے ہمیں یہ احساس ہوا کہ آج کی یہ تقریب کس قدر اہم ہے کہ جس میں پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی سنجیدہ کاوشیں نظر آتی ہیں۔

وائس چیئرمین اوورسیز پنجاب کمیشن مخدوم محمود الحسن نے بذریعہ ٹیلی فون اس پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو دعوت دی کہ جب بھی آپ وطن واپس آئیں، ہمارے ادارے کا وزٹ ضرور کریں۔

بعد ازاں انہوں نے شرکائے مجلس کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ اب سے اوورسیز پاکستانیوں کے تمام مسائل بشمول قبضہ مافیا، ہاؤسنگ سوسائٹی کے مسائل، سمیت دیگر تمام قانونی مسائل کے حل کے لیے میں بطور وائس چیئرمین اوورسیز پنجاب کمیشن آپ کی مدد کے لیے موجود ہوں،آپ اپنی شکایات ہماری ویب سائٹ پر درج کریں۔ انشاءاللہ جلد از جلد آپ کی شکایات پر ایکشن لیا جائے گا۔

چیئر پرسن برائے کویت کمیٹی اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب پیر امجد حسین نے اپنی ٹیم کا تعارف کروایا، جس میں اُنکے علاوہ کوآرڈینیٹر اخلاق احمد ملک، ممبر ایڈوائزری کونسل محمد شہزاد الرحمن بٹ، ممبر ایڈوائزری کونسل محمد عتیق الرحمن، ممبر ایڈوائزری کونسل محمد طاہر بشیر، ممبر ایڈوائزری کونسل محمد فیصل، ممبر ایڈوائزری کونسل راجہ بلال اور میڈیا ایڈوائزر مبشر شامل ہیں۔ تقریب کااختتام وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کی دعاؤں اور پُرتکلف عشائیے کے ساتھ ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!