ملایشیا کے شہر کوالالمپور میں IKC کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پروقار تقریب

0

تقریب میں کلچرل فیشن شو،تقسیم اسناد اور ملائشیا میں پہلی پاکستانی ہارر شارٹ مووی”Tuesday”کی ٹیم کو متعارف کروایا گیا

کوالالمپور(محمد وقار خان)ملایشیا کے شہر کوالالمپور میں IKC کی طرف سے پاکستانی اور ملائشین کمیونٹی کے اشتراک سے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پہ مسلمانان ہند کی آزادی کے لیے انکی خدمات اور بااصول زندگی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔

پروگرام میں یوم قائد منانے کے ساتھ ساتھ کلچرل فیشن شو ، تقسیم اسناد اور ملائشیا میں پہلی پاکستانی ہارر شارٹ مووی”Tuesday”کی ٹیم کو متعارف بھی کروایا گیا۔یوم قائد کی محفل کوالالمپور کے معروف پاکستانی ریسٹورنٹ Barbi Que Tonight کے ہال میں سجائی گئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا،جس کے بعد فاروق قادری نے قائداعظم محمد علی جناح کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے دعا کروائی ،جس کے بعد باقاعدہ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے ملایشیا اور پاکستان کے قومی ترانے چلائے گئے۔

اس کے بعد IKC کے پریزیڈنٹ عمران خان نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے پروگرام کا مقصد اور قائد اعظم کی شاندار طرز زندگی پہ بات کی،نیز IKC کی جانب سے ماضی میں کئے گئے کمیونٹی ویلفیئر پراجیکٹس کو دوہراتے ہوئے، مستقبل میں خدمت کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے بعد مہرین ملک کو خطاب کی دعوت دی گئی،جنہوں نے پاکستانی اور ملائشین حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قائد کی جہد مسلسل کو خراج تحسین پیش کیا، بعد ازاں قیصر عباس نے تشکیل پاکستان کے لیے قائد کے کردار کو منظوم سلام پیش کیا۔

اس موقع پر ایک مختصر سٹیج ٹیبلو کے ذریعے پاکستان کے قیام کی ضرورت پہ روشنی ڈالی ،جس کے بعد معروف پرفارمر گل خان نے ملی نغمے پیش کر کے محفل میں خوب رنگ جمایا ،ماڈلز نے پاکستانی لوکل ڈریسز زیب تن کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

ملایشیا میں پہلی پاکستانی ہارر شارٹ مووی”Tuesday”کی رونمائی کے موقع پر مووی کے ہدایتکار اور مرکزی کرداروں سے تعارف کروایا گیا،اس موقع پر حاضرین کی پرزور فرمائش پر پاکستانی نژاد ہیرو منور مغل بیگ نے دل دل پاکستان گا کر سب کے دلوں کو گرمایا ۔

تقریب کے اختتام پر کمیونٹی کی فلاح کیلئے نمایاں خدمات ادا کرنے والوں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!