نیومبرگ (تارکین وطن نیوز)کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں ادا کر دی گئی،پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی عملے نے میت کے غسل اور کفن کا انتظام کیا ۔
نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ترکش مسجد نیومبرگ میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں پاکستان کے قونصل جنرل اور کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے،نماز جنازہ میں شریک افراد کامیڈین عمر شریف کی یادوں میں کھوئے نظر آئے ، ہر شخص کے لبوں پر عمر شریف کے یادگار ڈرامے تھے جنہوں نے ان کی زندگیوں میں خوشیاں بکھیری تھیں۔
عمر شریف کی میت اب پاکستان لائی جا رہی ہے جہاں انکی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے عمر شریف کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں واقع شیخ لیاقت کمپائونڈ میں کی جائے گی۔
مزار انتظامیہ کے مطابق محکمہ اوقاف کی جانب سے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے احاطے میں عمر شریف کی تدفین کی اجازت دیدی گئی ہے،نماز جنازہ کے مقام اور وقت کا اعلان میت پاکستان پہنچنے پر کیا جائے گا۔