کوپن ہیگن(ڈنمارک)کے نواحی علاقہ’’Amager‘‘میں منہاج اسلامک سینٹر کے نئے مرکز کا افتتاح

0

کوپن ہیگن(نمائندہ خصوصی)کوپن ہیگن(ڈنمارک) کے نواحی علاقہ ’’Amager‘‘ میں منہاج اسلامک سینٹر کے نئے مرکز کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔

تقریب میں بلال اپل صدر یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل، بابر شفیع شیخ صدر منہاج یورپین کونسل زون ون، ڈاکٹر ندیم عاصم ، پروفیسر حافظ سعید احمد چشتی(امام و خطیب اسلامک سنٹر ویسٹ)، علامہ تنویر ضیاء (امام اسلامک سنٹر آما)، علامہ محمد اویس (مالمو، سویڈن)، علامہ اصغر قادری (مالمو، سویڈن)، علامہ ڈاکٹر حافظ ادریس الازہری ، علامہ حافظ محمد اشتیاق الازہری ، علامہ حافظ نفیس احمد شریک تھے ۔

تقریب کا آغاز علامہ اشتیاق الازہری نے تلاوتِ کلامِ پاک کی دعوت قاری نعیم کو دے کر کیا، نعتِ رسولِ کریمؐ کی سعادت شاہد سرور اور رشید احمد بھٹی نے حاصل کی،مالمو(سویڈن) سے تشریف لائے علامہ اویس قادری نے
تیری معراج کہ تو لوح و قلم تک پہنچا
میری معراج کہ میں تیرے قدم تک پہنچا
شعر کی تفسیر میں اختصار کے ساتھ بیان فرمایا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کی 72ویں سالگرہ کی مناسبت سے ان کی ہستی کے حوالے سے نظم بھی پیش کی۔

بعد ازاں عرفان القرآن کا ڈینش میں ترجمہ کرنے والی عظیم شخصیت ڈاکٹر ندیم عاصم نے ڈینش ترجمے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی، جس نے حاضرین کو قرآن فہمی کے سمندر میں غوطہ زن کروایا، ڈاکٹر ندیم عاصم نے قائدین و حاضرین کو بتایا کہ ڈینش زبان میں ترجمہ کو جو ہم نے نہایت آسان اور عام فہم بنایا اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ شیخ الاسلام کے عرفان القرآن میں آسان و عام فہم اردو ترجمہ لکھنے کی وجہ سے ممکن ہوا، آپ نے فرمایا کہ ہم نے یہ کام خالص اللہ و رسولؐ کی رضا کیلئے کیا اور اس کام کا کبھی کوئی معاوضہ طلب نہیں کیا اور نہ ہی کبھی ایسی کوئی خواہش رکھی، آپ نے اپنے ٹیم ممبرز حسن یوسف اور حمزہ یوسف کا شکریہ ادا کیا کہ انکی مدد شاملِ حال نہ ہوتی تو اتنا عظیم کام سرانجام دینا مجھ اکیلے کے بس کی بات نہ تھی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل عامہ کے صدر یاسر گوندل نے قائدین و مہمانوں کا تشریف لانے پہ خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ یاسر گوندل نے آما مسجد و الامک سینٹر کے قیام کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کے اللہ و رسولؐ کے بعد ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے آج سے کئی دہائیاں پہلے منہاج القرآن انٹرنیشنل کا قیام عمل میں لا کر ہمیں اور ہماری نسلوں کو بے دین ہونے کے ساتھ بے راہ روی کے رستے پہ چلنے سے بھی بچایا، ڈنمارک میں منہاج القرآن کے قیام کے بعد سے لے کر آج تک منہاج القرآن کیلئے انتھک محنت کرنے والوں کی محنت کا ہی منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج منہاج القرآن کا پیغام آما تک پہنچ گیا، مگر یہ ہماری منزل نہیں بلکہ ابھی اس سے مزید آگے کا سفر جاری رکھنا ہے اور اس مسجد کو ایک بہت عظیم مرکز بنانا ہے تا کہ ہماری نسلوں کو ایک بہترین تربیت گاہ میسر آ سکے اور وہ اپنا ایمان محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنا مستقبل بھی محفوظ رکھ سکیں، آخر میں یاسر گوندل نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی آما کی ٹیم اور ہر آسان و مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے رہنے والے تمام ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک ڈاکٹر عرفان ظہور احمد صاحب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا بے پایاں شکر ہے کہ جس کی مدد و نصرت اور توفیق خاص سے ہم اللہ کا گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوئے، اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرنے والوں کا میں بطور ٹیم لیڈر ڈنمارک فرداً فرداً شکریہ ادا کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ دنیا میں اللہ کے گھر کی تعمیرات میں حصہ لینے والوں کو اللہ دنیا میں بھی کامیابیوں سے نوازے اور جنت الفردوس میں بھی عالیشان محلات عطاء فرمائے(آمین) ۔ صدر ڈنمارک نے کہا کہ اس سرزمین پہ اللہ کا گھر بنانا ہی بہت عظیم سعادت ہے اور آپ احباب نے جدید سہولیات سے آراستہ اللہ کا جو گھر تعمیر کیا یہ لائقِ آفرین و لائقِ تحسین ہے، انہوں نے اس کارِ خیر میں منہاج یوتھ لیگ کی محنت و لگن کو خوب سراہا، صدر ڈنمارک نے کہا کہ ڈنمارک میں موجود 180 سے زائد مساجد و مراکز میں آما مسجد بیشمار حوالوں سے انفرادی حیثیت کے ساتھ ساتھ اپنا ایک بلند مقام رکھتی ہے جن میں سے ایک سرفہرست یہ ہے کہ آما کا اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات سب سے بہترین،محبت، اور پیار بھرے ہیں۔

منہاج اسلامک سینٹر آما کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئر مین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سب سے پہلے منہاج القرآن ڈنمارک خصوصا آما کی انتظامیہ اور اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کو ان کی استقامت اور کاوشوں پر مبارکباد اور دعائیں دیں، آپ نے کہا کہ امن آشتی و محبت و اتفاق اور یکسوئی کے ساتھ آگے چلتے رہیں ۔اپنی سمت کو کسی ایک راستہ پر استقامت کے ساتھ فوکس کریں اور اللہ اور اسکے رسولؐ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے آگے بڑھتے رہیں ۔

چیئر مین نے اپنی گفتگو کا آغاز سورۂ توبہ کی آیات سے کیا ۔ جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب مکرمؐ مسجدِ ضرار (جو کہ منافقین نے بنائی تھی ) میں جانے سے منع فرمایا اور مسجدِ قبا میں جانے کا حکم فرمایا، جو کہ صحابۂ کرام جانشیاران، غلاموں اور وفاداروں نے تعمیر کی تھی اور ان کو قرآن نے رحال یعنی مردانِ حق قرار دیا ۔ چیئر مین سپریم کونسل نے قرآن و سنت اور صوفیاء کے اقوال کی روشنی میں تقویٰ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کہ خشیتِ الٰہی اور تقویٰ ایمان کا اعلیٰ درجہ ہے۔ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے حوالہ سے آپ نے فرمایا کہ تقویٰ یہ ہے کہ انسان کا جسم اور زندگی جو خدا کی امانت ہے۔ اس کو گناہوں اور دنیا کے برے اثرات سے بچاتے ہوئے اللہ کے سپرد کیا جائے ۔ پھر آپ نے ایک خاص بات محبت کے حوالے سے کی کہ تقویٰ اخیار کی صحبت سے حاصل ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ اشرار کی محبت ترک کر کے انسان اخیار کی یعنی منہاج القرآن اور حضور شیخ الاسلام کی روحانی محبت اختیار کرے اور اس مرکز اور ادارے سے اپنا تعلق قائم رکھے اور اس تعلق میں یکسوئی اختیار کرے ۔ اور اپنی آنے والی نسلوں کو بھی دین اور تقویٰ کے راستے پر کار بند رکھنے کے لیے ہر وقت منہاج القرآن کی اس صحبت میں رہے تو یہ اس کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

پروگرام کے آخر میں منہاج القرآن آما کی تعمیر اور ترقی میں حصہ لینے والے تمام افراد کو ان کی بیشمار خدمات کیلئے خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اسناد سے نوازا اور پروفیسر حافظ سعید احمد چشتی کی دعا پر اس افتتاحی تقریب کا اختتام ہوا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!