اجلاس میں لمرک اور دیگر شہروں سے پی ٹی آئی کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی
لمرک آئرلینڈ ( وسیم بٹ ) پی ٹی آئی آئرلینڈ جسٹس گروپ کے زیر اہتمام آئرلینڈ کے شہر لمرک میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پی ٹی آئی آئر لینڈ کے صدر عتیق باجوہ نے کی ،جسٹس گروپ کے ایگزیکٹیو کے علاوہ لمرک اور دیگر شہروں سے تحریک انصاف کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
صدر عتیق باجوہ نے اجلاس کے اغراض و مقاصد اور پاکستان کے موجودہ حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان تحریک کے نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے اس لیے ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم ملک کی بقا و سلامتی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے تحریک انصاف اور عمران خان کے پیغام کو آئرلینڈ کے ہر خاص وعام تک پہنچائیں۔
موجودہ حکومت جمہوریت کے نام پر مہنگائی کی صورت میں عوام کا قتل عام کر رہی ہے موجودہ حکومت اور پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں الیکشن کے خوف سے پاکستان کے آئین کو اپنے پاؤں تلے روندتی چلی جارہی ہیں ۔
اداروں کو اپنی مرضی سے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ان حالات میں ہمیں تحریک انصاف اور عمران کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور اس ایمپورٹٹ حکومت کا خاتمہ کرکے عمران خان کو دوبارہ وزیر اعظم بنانا ہوگا اسی میں ملک کی سلامتی اور بقا ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے انٹراپارٹی الیکشن ہونے والے ہیں اسی لیے ممبر سازی کی مہم کو تیز کر کے جسٹس گروپ کو کامیاب کیا جائے ۔اس کے علاوہ دیگر مقررین جن میں محمد عباس ،مدثر علی،سالس حسین ،حافظ گل نواز خان، محمد عرفان،غلام رسول،عرفان اعجاز اور دیگر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے الیکشن کے مطالبے پر جتنی جلدی ممکن ہو عملدرآمد کروایا جائے۔
موجودہ حکومت الیکشن سے ڈری ہوئی ہے یہ عوام میں اپنی حیثیت کھو بیٹھے ہیں۔جس پر تمام حاضرین نے پی ٹی آئی آئرلینڈ جسٹس گروپ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔
آخر میں وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور عمران خان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی ۔اس اجلاس کے انعقاد پر عرفان اعجاز اور حافظ گل نواز خان کا خصوصی تعاون رہا ۔