اٹلی کشتی حادثہ؛معروف پاکستانی کھلاڑی شاہدہ رضا سہا بھی مرنے والوں میں شامل

0

اٹلی کشتی حادثے میں4پاکستانی جاں بحق،16کو بچا لیا گیا،ترجمان دفتر خارجہ

روم(نیوز ڈیسک)روزگار کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہوکر ڈوبنے والوں میں پاکستان کی معروف خاتون کھلاڑی شاہدہ رضا بھی شامل تھیں۔

کوئٹہ کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 27سالہ شاہدہ رضا سہانے مستقبل کے خواب پلکوں پر سجائے ترکی سے اٹلی جانے والی کشتی میں سوار تھیں، یہ کشتی کروٹون کے علاقے میں لنگر انداز ہوتے وقت سمندری پہاڑ سے ٹکرا کر ٹوٹ گئی تھی جس کے سبب 200 سے زائد تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

ان میں متعدد پاکستانی بھی تھے جن میں سے بیشتر کا تعلق گجرات سے بتایا جاتا ہے، کھیلوں کے حلقہ میں چنٹو کے نام سے معروف شاہدہ رضا پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی اہم رکن رہیں جبکہ انہوں نے پاکستان ریلویز کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل ہاکی بھی کھیلی۔

شاہدہ رضا فٹبال کی بھی بہترین کھلاڑی تھیں اور ویمن فٹبال میں بلوچستان یونائیٹیڈ کی نمائندگی کرتی رہیں، شاہدہ رضا ایک شیر خوار بچی کی ماں بھی تھیں، تاہم حادثہ میں ان کی بیٹی ہمراہ نہیں تھی۔

دریں اثناترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ اٹلی کشتی حادثے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ 26 فروری کو بن غازی لیبیا کے قریب پیش آیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشوں کو پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار افراد غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔ذرائع نے کہا کہ کشتی میں 20 کے قریب پاکستانی سوار تھے، 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے، 16 کو بچا لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی میں پاکستانی سفیر علی جاوید نے کہا تھا کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق ابتدائی معلومات غیرمصدقہ تھیں۔

علی جاوید نے بتایا تھا کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق خبر واپس لے لی گئی تھی۔ کشتی میں سوار 16 پاکستانی محفوظ ہیں، جبکہ 4 لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔تاہم اب دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!