محسن پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کا فیصلہ

0

اسلام آباد(تارکین وطن نیوز)محسن پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کا فیصلہ کیا گیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اہل خانہ کی خواہش پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین سیکٹر ” ایچ 8“ کے قبرستان میں کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ ا س سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرت ہوئے کہاتھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی ۔ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد فیصل مسجد میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے تاہم اب اہل خانہ کی خواہش پر فیصلہ تبدیل کر دیا گیاہے ۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں اب سے کچھ دیر بعد ساڑھے تین بجے ادا کی جائے گی ۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی ریاست بنانے میں ان کا مرکزی کردار رہا، جس کی وجہ سے پاکستانی قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کوششوں سے پاکستان کو اپنے پڑوس میں موجود بڑی ایٹمی قوت سے تحفظ حاصل ہوا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو کی حیثیت رکھتے تھے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی طبیعت کچھ عرصے سے ناساز تھی۔

واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔

مرحوم کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے اُن کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونیورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونیورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔

مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!