ریاض (وقار نسیم وامق)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے اور روضہ رسولؐ پر حاضری کے لئے سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے پی ٹی آئی سعودی عرب کے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔
پی ٹی آئی سعودی عرب کے صدر مفتی عزیر اور سیکرٹری یوتھ راجہ گل زیب کیانی سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ چونکہ خود ایک اوورسیز پاکستانی ہیں اس لئے ان کو باخوبی علم ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے کیا مسائل ہیں اس لئے پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے گئے اوورسیز کمیشن میں لازمی اپنی شکایات کو درج کروائیں تاکہ ان پر فوری طور پر ایکشن لیا جاسکے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ چھڑوانے کے لئے قومی اور صوبائی حکومت سنجیدگی سے عمل کر رہی ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات کر رہی ہے اس کے علاوہ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے گورنر ہا ئوس کے دروازے کھلے ہیں اور کوئی بھی شخص ان سے ملاقات کے علاوہ اپنی شکایات لیکر آسکتا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی سعودی عرب کے صدر مفتی عزیر بھٹہ اور راجہ گل زیب کیانی سمیت دیگر نے جہاں گورنر پنجاب کو عمرہ کی مبارکباد پیش کی وہیں انہیں سعودی عرب میں ورکرز کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔