گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سےصدر مسلم لیگ ن سعودی عرب شیخ سعید احمد کی سربراہی میں لیگی اراکین کی ملاقات

0

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمیت ان کی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات کے حوالے سے گفتگو

ریاض (وقار نسیم وامق) مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی سربراہی میں لیگی اراکین نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے لاہور میں ملاقات کی ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمیت ان کی ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد وفد کے اراکین ملتان ریجن کے سابق رکن قومی اسمبلی اور میئر میاں طارق رشید معروف کاروباری شخصیت اور مسلم لیگ ن کے رہنما اظہر ملک اور دیگر کے ہمراہ گورنر ہاوس پہنچے جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقعہ پر شیخ سعید نے سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کی جانب سے حالیہ تنظیم سازی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں ستائیس لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جنھوں نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور میاں نوازشریف کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور میاں نوازشریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے جس طرح قائد میاں نوازشریف کو سعودی عرب میں پذیرائی ملی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سعودی قیادت میاں نوازشریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور یقیناً اس سے دو برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور میاں نوازشریف کی قیادت میں پاک سعودی تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقعے بڑھیں گے۔

شیخ سعید نے سعودی عرب میں مقیم ورکرز کے مسائل سے بھی گورنر پنجاب کو آگاہ کیا اور کہا کہ لاکھوں ورکرز دن رات ایک کرکے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ بھی انجام دے رہے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں بیرون ممالک سہولیات فراہم کرنے سمیت پاکستان میں بھی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس موقعہ پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی اثاثہ اور سرمایہ ہیں اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ہماری اولین یہ کوشش رہی ہے کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت بہتر اقدامات کر رہی ہے جس سے اوورسیز کے مسائل میں کمی واقعہ ہوئی ہے۔

ملاقات میں ملکی سیاست پر بھی گفتگو کی گئی خصوصاً جنوبی پنجاب میں آئندہ الیکشن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!