پاک فوج ہے تو پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے اور ہم محفوظ ہیں
ملک دشمن عناصر کو سخت ترین سزا د ینے کا مطالبہ
دبئی (طاہر منیر طاہر) 9مئی 2023کے واقعات نے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کر کے رکھ دیا ہے، ملکی تنصیبات اور اثاثوں پرحملے کرنے والے وطن دشمن عناصر نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کس ایجنڈے پر کا م کر رہے ہیں، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پراتنا نقصان دشمن نہیں پہنچا سکا جس قدر پی ٹی آئی کے لوگوں نے پہنچایا ہے۔
قبروں، مسجدوں، افواج پاکستان کی یادگاروں، پاکستانی ہیروز کی بیحرمتی اور اہم جگہوں کو آگ لگانے والے یقیناً ملک دشمن عناصر ہی ہیں جنہیں سخت سے سخت سزا دینی چاہیے تا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں،مسیحی رہنماؤں جان قادر، جیکب حاکم دین، اور سناور گل نے مسیحی کمیونٹی امارات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ مسیحی قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ان سے اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔
متذکرہ رہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج ہے تو پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے اور ہم محفوظ ہیں، پاک فوج بلا شبہ پاکستان کے بائیس کروڑعوام کی حفاظت پر مامور ہے اور اپنا فرض جانفشانی سے ادا کر رہی ہے، پاک فوج کی وجہ سے پاکستان کے کروڑوں لوگ آرام اور چین کی نیند سوتے اور ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں۔
جان قادر صدر پی ایم ایل این منارٹی ونگ نے کہا کہ ہم سب نے مل کربیش بہا قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا تھا لہٰذا ہم اسے مٹھی بھر شر پسندوں کے ہاتھوں تباہ ہوتا نہیں دیکھ سکتے،9 مئی 2023 کے واقعات میں پی ٹی آئی ملوث ہے جس کے واضح ثبوت مل چکے ہیں لہٰذا اس شر پسند پارٹی پر تا حیات پابندی لگائی جائے اورنقصانات کے ذمہ داران کوسخت ترین سزا دی جائے۔