نارویجن پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر یونین کے زیرانتظام یوم پاکستان کی پُروقار تقریب

0

ناروے کی وزیر تعلیم Tonje Brennaاور سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی کی خصوصی شرکت

اوسلو(عقیل قادر) پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے دو ہفتے گزر جانے کے باوجود ناروے میںجشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

جشن آزادی کے سلسلے میںسماجی تنظیم ”Norsk Pakistansk fellesskap” نے اوسلو کے ایک مقامی ہال میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

تقریب کا آغاز سید فراست علی شاہ بخاری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور عبدالمنا ن نے بارگاہ رسالت میں نعت شریف کا ہدیہ پیش کیا۔ تقریب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا پہلے حصے میں ستمبر میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے مختلف پارٹیوں کے رہنمائوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختصر پارٹی منشور پیش کیا جبکہ دوسرے حصے میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے تقاریرکی گئیں ۔

پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف صحافی افضال طاہر نے خوبصورت انداز میں تقریب کی نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب میں پاکستان سے اے ڈی سی شاہد عباس ، اوورسیز کمشنر سید خادم عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانی شیخ نجم حسین ، معروف صحافی مرزا یوسف، میاں محمد صفدر اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب سے وزیر تعلیم Tonje Brenna نے خطاب کرتے ہوئے ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ جس طرح پاکستانیوں نے اپنی محنت اور لگن سے مقام بنایا ہے اس کو نارویجن قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے خطاب کرتے ہوئے نارویجن پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کو فارن آفس کی سروسز کرتے ہوئے 23 سال ہو گئے ہیں مگر جتنی منظم کمیونٹی پاکستانیوں کی ناروے میں دیکھی ہے اتنی منظم کمیونٹی کہیں اور نہیں دیکھی۔

اوسلو کے ڈپٹی میئر عبداللہ علیس بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی اوسلو میں قرآن پاک کی ہونے والی بے حُرمتی کی شدید مذمت کرتی ہے اور ایسے عمل کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

تقریب سے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے صدر فیصل اقبال نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاست پاکستان اللہ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔

تقریب سے جن دیگر شخصیا ت نے خطاب کیا ان میںاوسلو سٹی کے انٹیگریشن اور سوشل سروسز کے وائس میئر عثمان مشتاق، کنزروٹیو پارٹی اوسلو سٹی کونسل کی امیدوار عرینہ عامر، ویلفیئر اتاشی آصف حمید، سید نعمت علی شاہ بخاری، طیب چوہدری، شاہد عباس، سید خادم عباس ، چوہدری غلام سروراور دیگر شامل ہیں۔

جشن آزادی کی تقریب کو کامیاب بنانے میں جن افراد نے اہم کردارادا کیا ان میں چیئرمین چوہدری محمد صدیق دھکڑ، فیصل اقبال، مرکزی رہنما رانا محمد اسلم اور شیخ محمد ریاض شامل ہیں۔

تقریب کے آخر میں دعا سید نعمت علی شاہ بخاری نے کرائی اور مہمانوں کی تواضع پُرتکلف ڈنر سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!