سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں 14اگست یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی بچوں کیلئے”پاکستان زندہ باد”تقریب

0

تقریب میں بچوں نے پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت کو منفرد انداز میں پیش کیا

شہر کی ادبی ، سماجی و سیاسی شخصیات کی تقریب میں بھرپور شرکت

اسٹاک ہوم(رپورٹ:زبیر حسین)سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں 14اگست یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی بچوں کے لئے "پاکستان زندہ باد” کے نام سے تقریب منعقد کی گئی، بچوں نے پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت کو منفرد انداز میں پیش کیا، شہر کی ادبی ، سماجی و سیاسی شخصیات نے تقریب میں بھرپور شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ ہی پردیس میں دیس کا سماء باندھا ہے، جہاں سویڈن میں پاکستانی کے ثقافتی، مذہبی اور قومی دنوں کی بے شمار تقریبات ہوتی ہیں وہیں مستقبل کے معماروں کے لئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں پاکستان کی آزادی سے پاکستان کے دفاع تک کی تمام تر تاریخ بچوں کو منفرد انداز میں بتائی جاتی ہے۔

بچے پاکستانی صوبائی ملبوسات زیب تن کرکے سبز ہلالی پرچم کے تلے پاکستان کے ملی نغموں پر کچھ یوں ہم آواز ہوتے ہیں کہ دیارِ غیر میں مقیم ہر پاکستانی وطن کی محبت سے سرشار ہوجاتا ہے۔

دارلحکومت سویڈن میں ہونے والی اس منفرد تقریب کا اس سال تھیم گلگت بلتستان رکھا گیا تھا ، عمران کھوکھر کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں میزبانی کے فرائض عائشہ اور رامعین طلحہ نے سر انجام دئیے۔

تقریب میں بچوں نے تلاوتِ قرآن پاک، گلہائے عقیدت اور ملی نغمے بھی پیش کئے ، رابعہ طلحہ نے بچوں کو ثقافتی ملبوسات میں ہر صوبے کی ثقافت اجاگر کرنے کی رہنمائی فراہم کی جبکہ سہیل صفدر کا لکھا ڈرامہ بھی پیش کیا گیا اور گلگت بلتستان کے حوالے سے خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔

تقریب میں بچوں کےوالدین سمیت اسٹاک ہوم کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!