اردو ٹائمز اور کاروان ادب برطانیہ کے زیراہتمام پرمروز بینک سنٹر اولڈہم میں آقائے کائنات کے جشن ولادت کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرہ
اولڈہم (محمد فیاض بشیر) اردو ٹائمز اور کاروان ادب برطانیہ کے زیر اہتمام پرمروز بینک سنٹر اولڈہم میں آقائے کائنات کے جشن ولادت کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرہ کا انعقادکیا گیا ۔
صدارت پیر سید لخت حسنین جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر محمود پاشا تھے ۔نعتیہ مشاعرے میں ممتاز قوال قاری وحید چشتی ، اشتیاق میر، نعمانہ کنول ، ضمیر جاوید، سمعیہ ناز،غزل انصاری ،تسنیم حسن ،عبد الغفور کشفی،سید غلام غوث گیلانی،طاہر حفیظ ،علی عمران ،محبوب الٰہی بٹ،فائقہ صاحبزادی ،لیاقت علی عہد،محمد افضل سہروردی ،الحاج حافظ عابد بسمل،الحاج حافظ قاری جاوید،ڈاکٹر عبد الکریم شکور نے خصوصی شرکت کی۔
نعتیہ مشاعرہ کے لیے کاروان ادب کے صابر رضا، اردو ٹائمز کے طاہر چوہدری ، بین الاقوامی نعتیہ کونسل خواتین کی صدر رضیہ چوہدری اور چوہدری سکندر نواز کی ذاتی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔
قاری وحید چشتی نے کہا کہ پرذوق محفل تھی ہم نے آقائے کائنات کے پیغام کو دنیا تک پہنچایا، نعمانہ کنول کا کہنا تھا کہ ایسی روحانی محفل ایمان کو تازہ کرتی ہے۔ چوہدری سکندر نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ایسی روحانی محافل کے انعقاد کی توفیق عطا فرمائے ۔
سمعیہ ناز اور تسنیم حسن کا کہنا تھا کہ محفل میں سرور کی کیفیت تھی اور آقائے کائنات کے بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کے پھول پیش کیے گئے۔ کاروان ادب کے روح رواں صابر رضا نے کہا کہ ایسی روحانی محفل کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کو دین اسلام اور آقائے کائنات کی سیرت بارے شعور دینا ہے اس پر عمل کرنے سے ہی ہمارے نوجوان دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔
طاہر چوہدری نے بھی روحانی محفل کے انعقاد کو نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔رضیہ چوہدری نے کہا کہ سب کی کاوشوں سے خوبصورت محفل کا انعقاد ہوا جس سے ہمارے ایمان کو تازگی ملی۔ شرکائے محفل کا کہنا تھا کہ دین اسلام کی اصل روح پر عمل پیرا ہونے کے لیے ہمیں سیرت النبیؐ اپنانی چاہیے جو دین و دنیا سے نجات کا واحد راستہ ہے ۔