جرمنی کے شہر نورن برگ میں مرکزی جلسہ عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد

1

نورن برگ (نمائندہ خصوصی) جرمنی کے شہر نورن برگ میں مرکزی جلسہ عید میلادالنبی ﷺ جامع مسجد المدینہ دارالسلام منعقد ہوا جس کے مہمانان خصوصی صاحبزادہ سید علی الاشرفی الجیلانی اور پیر سید جعفر شاہ سواتی اور مفتی ممتاز حسین پیرزادہ تھے، نقابت کے فرائض حافظ قمر اور عزیزخان نے انجام دیئے ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے مسجد کے امام خالد محمود نے کیا ،نوجوان بچوں نے جرمن زبان میں سیرت نبویؐ کے مختلف پہلو بیان کئے اور صاحبزادہ سید زین الاشرفی الجیلانی ،عبدالعزیز خان قاری اور خالد محمود نےخصوصی نعت کے گلدستے پیش کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےعلامہ حسنات بخاری نے کہا کہ آپ کا ایمان جب تک مکمل نہیں ہوتا جب تک ہم اپنی اولاد، ماں باپ اور رشتہ دار سے بھی زیادہ آقا سے محبت نہ کریں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر کسی کے دل میں عشق نبوی ؐاجاگر کریں۔

صاحبزادہ سید علی الاشرفی الجیلانی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ میلاد منانا خدا کی سنت، صحابہ کرام کی سنت اور خود آقا کی سنت ہے، آقا نے ہر پیر کو روزہ رکھ کراپنا میلاد منایاآج دنیا کا کوئی ملک شہر نہیں جہاں ذکر رسول نہ ہوتا ہو۔

حافظ صدیق نے شان رسول اور آمد رسول اشعار کی صورت میں پیش کی، مفتی ممتاز حسین پیرزادہ نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ تمام فضل اور رحمت بعثت محمدی کی وجہ سے ہے ، اگر آقا کو پیدا نہ کرنا ہو تا تو یہ کائنات بھی وجود میں نہ آتی جب میلاد کا مہینہ آئے توخوب خرچ کرو ۔

آخر میں پیر سید جعفر علی شاہ سواتی نے خوبصورت نعتوں کے گلدستے پیش کرکے سامعین محفل کے ایمان کو تازہ کیا،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی ،یہ روحانی محفل مفتی ممتاز حسین پیرزادہ کی خصوصی دعا پر اختتام پزیر ہو ئی اور سامعین نے لنگر محمدی نوش فرمایا۔

مسجد کے صدر حاجی محمد نذیر، نائب صدر شہباز احمد،عامر خان ،عبدالعزیز خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

1 Comment
  1. Ahmed s.k. says

    Ma sha Allah, Khair taqreeb bohat good magar video clips ki tashnagee hey.

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!