دعوتِ اسلامی کی سالانہ ٹیلی تھون مہم کے سلسلے میں چیئرمین روہیت ہلال کمیٹی یورپ کا سویڈن کا دورہ

0

مالمو (زبیر حسین)ان دنوں دعوتِ اسلامی کی سالانہ ٹیلی تھون جاری ہے اس سلسلے میں یورپ کے تنظیمی عہدیداران مختلف ممالک کا دورہ کر کے پاکستانی کمیونٹی کو فلاحی پراجیکٹس کے حوالے سے آگاہی فراہم کررہے ہیں ۔

اسی سلسلے کی کڑی میں دعوتِ اسلامی یورپ کی روہیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین وہیڈ آف ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ یورپ مولانا مفتی بلال مدنی عطاری نے سویڈن کے شہر مالمو کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ اور پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کے وفد سے ہوئی۔

مذکورہ ملاقات کے موقعے پر دعوتِ اسلامی سویڈن کے مقامی منتظمین حاجی ارشد ، رضوان حسین جبکہ کاروباری شخصیات سلیم خان، ثقلین عباس اور محمد سرور بھی موجود تھے۔ شرکاء کودعوتِ اسلامی کے فلاحی منصوبوں کے حوالے سے ویڈیو پیکجیز بھی دکھائے گئے جن میں دعوتِ اسلامی کی جانب سےنہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مسلمانوں کی مدد کے حوالے سے دستاویزات دکھائی گئیں۔

حالیہ ترکیہ کا زلزہ ہو یا پھر مراکش میں زلزلہ متاثرین کی امداد دعوتِ اسلامی عالم اسلام کی مدد کے لئے ہر جگہ پیش پیش رہی،فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مولانا بلال کا کہنا تھا کہ دعوتِ اسلامی نے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں جوں ہی مہاجرین مصر یا اس سے متصلہ علاقوں تک پہنچتے ہیں دعوتِ اسلامی اپنی امدادی مہم کا بھر پور انداز میں آغاز کردے گی۔

مولانا بلال کا مزید کہنا تھا کہ دعوتِ اسلامی فقط خیموں یا اشیاء خورد و نوش تک ہی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر مظلوم مسلمانوں کی مدد کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ضرورت مندوں کو دیرپا امداد مہیا کی جائے۔

پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ زبیر حسین نے مولانا مفتی بلال کو اس امر کی یقین دہانی کروائی کے ان کا ادارہ دعوتِ اسلامی کی ہر ممکن مدد کے لئے ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔ مولانا مفتی بلال نے سویڈن کے مخیر حضرات سے درخواست کی ہے کہ دعوتِ اسلامی کی ٹیلی تھون کا حصہ بنیں اور دکھی انسانیت کی مدد کے لئے اپنا حصہ ڈالیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!