ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے سینئربوائز وِنگ میں یوم اقبال کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صدارت اسکول کے پرنسپل ایئر کوموڈور(ر ) نعیم اختر نے کی، تلاوت کی سعادت جماعت دہم کے طالب علم مجاہد عبدالصمد کو ملی، حذیفہ سجاد نے نعت رسول مقبول پیش کی۔
تقریب میں مختلف کلاسزز کے طلبہ نے حصہ لیا۔ طالبعلم تیمور عاطف نے علامہ اقبال کی شاعری کے مختلف ادوارکا ذکر کیا اور کہاکہ تحریک پاکستان میں جوش و ولولہ انکے کلام نے ہی ڈالا۔ رانا فہد نے واضح کیا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی اور مرد مومن کا تصور ہر مسلمان نوجوان کیلئے تھا ۔ محمد سعد نے اپنی تقریر میں کہاکہ علامہ اقبال کی آواز آزادی کا ترانہ بنی اور قوم نے انہیں حکیم الامت کا خطاب دیا۔
ونگ انچارج گوہر رفیق نے علامہ اقبال کے فلسفہ و فن، ادبی حیثیت اور سیاسی جدوجہد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعرانہ صلاحیتوں کو مسلم امہ کے لیے وقف کردیا ۔ آج تک دنیا بھر میں کوئی ایسی مثال موجود نہیں کہ کسی شاعر نے قوم کی تقدیر بدلنے میں اتنا اہم کردار ادا کیا ہوجتنا علامہ اقبال ؒ نے کیا ہے۔ وہ پوری امت مسلمہ کے شاعر ہیں۔ اُن کے کلام سے ہمیں آج بھی استفادہ کرنا چاہئے۔ ان کا کلام عصر حاضر میں بھی ہماری رہنمائی کرتاہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علامہ کی شاعری کو سمجھیں اور ان کی تعلیمات پر عمل کریں۔
آخر میں اسکول پرنسپل ایئر کوموڈور (ر) نعیم اختر نے اپنی تقریر میں کہا کہ علامہ نے مسلمانوں کو آزادیٔ عمل، خودداری اور عالمگیر اخوت کا پیغام دیا ہے اور محنت، جفاکشی اور بلند ہمتی کی تعلیم دی ہے۔ ایمانِ کامل ، مستقل مزاجی اور عمل کا درس دیا ہے۔ انہوں نے تقریب میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ معیاری تعلیم کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ نظامت کے فرائض استاد عظمت اللہ بھٹہ نے انجام دیے۔