دبئی (تارکین وطن نیوز) پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل کی اہلیہ مسز سطوت حسن کی زیر صدارت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں بااختیار بنانے اور ان کی صحت و تندرستی کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف النوع موضوعات پر سیر حاصل لیکچرز دیے گئے۔
فائزہ چودھری نے بریس کینسر، ماجدہ خانم نے خواتین کو مختلف شعبوں میں بااختیار بنانے، ثمینہ ناصر نے 21ویں صدی میں بچوں کی پرورش کے چیلنجز، صباحت احمد نے صحت اور بہبود اور ڈاکٹر نور الصباح نے ڈپریشن کے موضوعات پر گرانقدر لیکچرز دیے جسے حاصرین محفل نے دلچسپی سے سنا اور مقررین کو بے حد سراہا۔
شرکاءنے کہا کہ ہر لحاظ سے یہ تقریب معلوماتی اور بہترین رہی، مقررین نے جس انداز سے مثبت اور تعمیری انداز میں لیکچرز دیے وہ قابل تعریف و تحسین ہیں۔ ایسی تقاریب کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا مستقبل میں بھی اس طرح کی مثبت اور فائدہ مند تقاریب کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے۔
مسز سطوت حسن نے بھی خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہماری خواتین خداداد صلاحیتوں کی مالک ہیں اور وہ زندگی کے ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرسکتی ہیں اور کر بھی رہی ہیں۔ جیسا کہ امارات میں پاکستانی خواتین مختلف شعبوں میں کام کر کے ملک و قوم کا نام روشن کررہی ہیں۔ اگر ہماری خواتین کو کام کرنے کے مزید مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنا آپ منوا سکتی ہیں۔ تقریب ہذا کا انتظام پی ایس ایونٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر یاسمین کنول نے کیا تھا۔
تقریب کے آغاز میں ہی یاسمین کنول نے تقریب ہذا کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل جل کر خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے کام کریں تاکہ امارات میں مقیم پاکستانی خواتین کو ان کے مسائل کے حل میں ریلیف مل سکے۔ یاسمین کنول نے کہا کہ عوام الناس خصوصاً خواتین کی بہتری کے لیے پی ایس ایونٹس کے پلیٹ فارم سے مزید کارآمد ایونٹس پیش کئے جائیں گے۔
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.