کویت میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یوم پاکستان کی پُروقار تقریب

0

کویت(رپورٹ:محمد عرفان شفیق) 23 مارچ، یوم پاکستان کی مناسبت سے سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، سفیر پاکستان ملک محمد فاروق اور دیگر سفارتکاروں نے مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر تیل عماد محمد العتيقي، کویتی وزارت خارجہ کے عہدیداران، کویت میں مقیم مختلف ممالک کے سفارتکاروں، بڑی تعداد میں سفارتی کور، کویتی عمائدین، ممتاز کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد اور ہر شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے کہا کہ کویت اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات مثالی ہیں۔ پاکستان اور کویت کے تعلقات نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوامی طور پر بھی بہترین ہیں اور پاکستانی عوام اپنے کویتی بھائیوں کے شانہ بشانہ وطن ثانی کویت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

پاکستان اور کویت کے وفود کے سطح پر تبادلے اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کویت اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے۔ گزشتہ برس ہونے والی تقریبات دونوں ممالک کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج کا پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی، آرٹ، طب اور انسان دوستی کے میدان میں بہت سی کامیابیوں کی داستانوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

تقریب میں مقامی فنکاروں نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ آخر میں تمام حاضرین کی تواضع مختلف انواع کےپاکستانی کھانوں سے کی گئی اور کویت پاکستان دوستی کیک بھی کاٹا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!