حکومت پاکستان دیار غیر میں بلا معاوضہ فرائض انجام دینے والے صحافیوں کو بھی مراعات دے،چوہدری الطاف شاہد سدھو
مانچسٹر (رپورٹ:وسیم چودھری) حکومت پاکستان دیار غیر میں بلا معاوضہ صحافتی فرائض انجام دینے والے صحافیوں کیلئے سفری سہولیات ، میڈیا ٹاؤنز میں رہا ئشی پلاٹس میں کوٹہ اور فیملی کیلئے علاج معالجے کے سہولت کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کرے ۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی جرنلسٹس یونین آف یوکے کے چیف آرگنائزر چوہدری الطاف شاہد سدھو نے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عید ملن پارٹی میں سینئر صحافی و اینکر پرسن سید مظہر بخاری ، سینئر صحافی وسیم چوہدری ، اینکرپرسن قیصربخاری ، شکیل سلام ، آصف مغل ، ناصر بخاری ، فرحت عباس ، محمد عباس ، ؒناصر شاہ اور دیگر نے شرکت کی ۔
چیف آرگنائزر الطاف شاہد سدھو نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ملک کے اندر فرائض انجام دینے والے صحافیوں کو بے شمار مراعات د ے رکھی ہیں جو کہ حکومت کا قابل ستائش عمل ہے لیکن اس کے برعکس بیرون ممالک میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافیوں کو میڈیا ہا ؤسز کی جانب سے کسی قسم کی مالی معاونت حاصل نہیں ہے،جبکہ وہ تارکین وطن کو ملکی حالات سے آگاہ رکھنے اور ان کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
اس موقع پر سینئر صحافی سید مظہربخاری نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے ۔ ایک ذمہ دار صحافی کا کام لوگوں تک اصل حقائق پہنچانا ہوتا ہے لیکن آج کے دور میں اس شعبہ میں بھی غیرمتعلقہ اور نام نہاد لوگ گھس چکے ہیں جو نہ صرف جرنلزم کی حقیقی روح کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں بلکہ ڈس انفارمیشن پھیلا کر ماحول میں افراتفری پیدا کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک معمار کا کردار ادا کرتے ہوئے مثبت چیزوں کو اپنانا چاہئے۔