وفاقی وزیر احسن اقبال کی ملائشیا میں 66ویں APO ایوارڈ سیشن میں شرکت، پاکستان کیلئے خدمات پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا
پاکستان APO کے آئندہ سیشن کی میزبانی کے لیے پرجوش ہے،شرکا سے خطاب
کوالالمپور(محمد وقار خان) فیڈرل منسٹر فار پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ” پروفیسر احسن اقبال ” کی ملائشیا میں 66ویں ” ( Asian productivity Organization ” ) APO ایوارڈ سیشن میں شرکت ، پاکستان کی نمایاں خدمات پر انہیں خصوصی ایوارڈ دیا گیا ۔
1961سے ایشیا پیسفک میں باہمی تعاون سے پیداواری صلاحیت کے اضافے کے لیے قائم ہوئی تنظیم APO میں پاکستان اور ملائشیا کے علاوہ چائنہ ،منگولیا ، ایران، بنگلہ دیش، انڈیا ہانگ کانگ،انڈونیشیا ، جاپان ،کوریا ، فجی ،کمبوڈیا ، نیپال، فلیپائن، سنگاپور، سری لنکا ، تھائی لینڈ،ترکی اور ویتنام شامل ہیں ۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان حالیہ سالوں میں کلائمیٹ چینج اور انرجی کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے ، جو کہ ریجن کے تمام تر قی پزیر ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
ہم اس پر تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے اور ہم APO کا آئندہ سیشن پاکستان میں منعقد کروانے کے لیے پرجوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے شجرکاری بہت ضروری ہے ، جدید ٹیکنالوجی ، آئی ٹی ، ڈیویلپمنٹ اور نوجوانوں کی مجموعی ترقی پہ حکومت پاکستان خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔