دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی آمدِ محرم کیساتھ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد میں محافل کا آغاز

0

ایتھنز (انصر اقبال بسراء) ماہِ محرم کے آغاز پر دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد میں محافل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونان کے شہر پیریا میں واقع یورپ کے قدیمی امام بارگاہ عزاخانہ گلزارے زینب سلام اللہ علیہا میں سیاہ پرچم لہرا دیا گیا ۔

اتوار کے روز قدیمی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عزاخانہ گلزارے زینب سلام اللہ علیہا میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ماتمی سنگت شہزادہ عون و محمد نے سید الشہداء کی یاد تازہ کرنےکیلئے نوحہ خوانی کی۔

یاد رہے کہ سالہا سال کی طرح، کربلا معلی میں واقع امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک پر سیاہ پرچم کی تبدیلی کے ساتھ عزاخانہ گلزارے زینب سلام اللہ علیہا میں بھی محرم الحرام کی آمد اور سوگ کے اعلان کے طور پر سیاہ پرچم آویزاں کیا جاتا ہے جو کہ آغاز ایامِ عزاداری کا باقاعدہ اعلان ہوتا ہے۔

رواں سال عزاخانہ گلزارے زینب سلام اللہ علیہا میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے خطابت کیلئے فخر عباس علوی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے جو عزاخانہ میں ہونے والی دس روزہ محافل سے روح پرور خطاب فرمائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!