قونصل جنرل عمران علی چوہدری اچھے آفیسر،بارسلونا قونصلیٹ بہتر انداز میں کام کر رہی ہے : سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
بارسلونا (تارکین وطن نیوز )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بارسلونا قونصلیٹ بہتر انداز میں کام کر رہی ہے اورقونصل جنرل عمران علی چوہدری بہت اچھے آفیسر ہیں ۔ میں صرف ان کے سامنے تعریف نہیں کر رہا بلکہ میڈرڈ اور کمیونٹی کے دیگر لوگوں سے مل کر مجھے یہی معلوم ہواہے۔
دورہ بارسلونا کے موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب پاکستانی برابر ہیں ، فرق صرف اتنا ہے کہ ہم عہدیدار ہیں اور سب سے بڑا وہی ہے جو اپنے عہدے کے ساتھ انصاف کرتا ہے لوگوں کی خدمت کرتا ہے ۔سپیکر اسد قیصر نے میڈیا کے سوالات کے جوابات میں کہا کہ حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرئے گی اور مہنگائی پر بھی قابو پائے گی اسد قیصر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے پوری دنیا میں کورونا وائرس کو کامیابی کے ساتھ قابو کیا ۔
اس موقع وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے اوورسیز محمد ایوب آفریدی نے کہا کہ ہمیں بارسلونا آ کر معلوم ہوا کہ قونصل جنرل اور ان کی ٹیم پاکستانیوں کا بہت خیال رکھتے ہیں اور ادھر ہمارے پاکستانی ان سے بہت خوش ہیں ۔ اس پر ہم قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہیں اور یورپ کے باقی قونصل جنرل حضرات سے کہتے ہیں کہ ان سے سیکھیں ۔انھوں مزید کہا کہ قوانین انسانوں کی بہتری کے لئے بنتے ہیں ۔ ہم ان قوانین کو مزید آسان بنائیں گے تاکہ ہمارے اوورسیز پاکستان آکر سرمایہ کاری کریں ۔ ہمارا پاکستان بڑا خوبصورت ہے اور سیاحت کے لئے بہت اچھی جگہ ہے ۔
قونصل خانہ پہنچنے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اوورسیز کے مشیر محمد ایوب آفریدی کو قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے قونصلیٹ کا دورہ کرایا اور قونصلیٹ کے تمام ڈیپارٹمنٹس کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ قونصل جنرل نے خاص طور پر جو خواتیں بچوں کے ہمراہ قونصلیٹ میں کام کے اپنے کام کے سلسلہ میں آتی ہیں ان کے لئے نرسنگ روم اور بچوں کے کھیلنے کے لئے جگہ کا دورہ کرایا ۔
جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے تعریف کی اور کہا کہ یہ قونصلیٹ ایک مثالی قونصلیٹ ہے ۔اس موقع پر پی ٹی آئی سپین کے صدر محمد شیراز بھٹی ،جنرل سیکر ٹری عبدالصبور ،شہزاد اصغر بھٹی ،قاسم جھکڑ،چوہدری نوید اور بارسلونا کی صحافی برادری بھی موجود تھی۔