سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے مسائل حل کئے، شفقت علی

0

سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ دنیا کا پہلا کمیونٹی ائرپورٹ ہے جو 365 ڈائریکٹروں پرمشتمل ہے، میاں محمد ریاض بانی چیئرمین سیال

سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی،محمد حنیف خان، ڈاکٹر محمد اسلم ڈار

کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین چودھری محمد جاوید کی رہائش گاہ پر سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں عشائیہ

دبئی (طاہر منیر طاہر) وطن عزیز پاکستان کا شہر اقبال اور شہر فیض کتنا خوش قسمت ہے کہ یہاں کے باسی جہاں اپنے شہر کی تعمیر و ترقی میں ہر وقت کوشاں رہتے ہیں وہاں دنیا بھر جہاں بھی اس شہر کے افراد کو موقع ملتا ہے اپنی صلاحیتیوں سے اپنی اہمیت منوا لیتے ہیں اور نہ صرف ملک و قوم بلکہ اپنے آبائی شہر سیالکوٹ کا نام بھی روشن کرتے ہیں اور اس کے لئے قیمتی زرمبادلہ کماکر اس کی معیشت کو مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔

سمندر پار مقیم پاکستانیوں میں کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین چودھری محمد جاوید اس لحاظ سے منفرد شخصیت کے حامل ہیں کہ وہ سیالکوٹ میں اپنی فیکٹری فورٹ انڈسٹری میں تیار کردہ مصنوعات کو دنیا بھر میں سپلائی کرکے پاکستان کے لئے خطیر زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔یہ مہمان نوازی میں بھی اپنی ایک پہچان رکھتے ہیں جب بھی کوئی سیالکوٹی یا پاکستانی کینیڈا میں ان کے شہر آتا ہے تو اس کی مہمان نوازی کو اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کرتے ہیں اوردلی سکون محسوس کرتے ہیں۔

بانی چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ میاں محمد ریاض، ڈپٹی لیڈر اتحاد فاؤنڈر گروپ سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت ڈاکٹر محمد اسلم ڈار اور سابق چیئرمین سیال محمد حنیف خان کاروباری دورے پر کینیڈا آئے تو چودھری محمد جاوید نے ان کے اعزاز میں ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا اور کینیڈا کے ممبر پارلیمنٹ و سپوت شہر اولیاء ملتان شفقت علی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔

اس موقع پر تقریب میں سپوت فیصل آباد علی بٹ، ڈائریکٹر سیال علی چودھری آف امریکہ، چودھری محمد یونس آف ڈسکہ، اشفاق خان آف اسلام آباد ، حسن جاوید چودھری، میاں شاہ زیب چودھری، مہروز علی چودھری بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی شفقت علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی دنیا کی ایک منفرد ہے جس نے اپنے مسائل کے حل کرنے کے لئے حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے انہیں اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے کی جو روشن مثالیں قائم کی ہیں ان کی دنیا بھر میں نظیر نہیں ملتی۔

مہمان خصوصی شفقت علی نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کئے منصوبوں جن میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ، سیالکوٹ ڈرائی پورٹ،سیالکوٹ ٹینری زون اور سیال ائرلائن جیسے منصوبوں کا ذکر سنتے آئے ہیں۔ انہیں آج انہیں ان ہستیوں سے ملنے کا شرف حاصل ہو رہا ہے جن کی ولولہ انگیز قیادت میں یہ منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے اور کامیابی سے چل رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ انہیں یہ سن کر بھی دلی خوشی ہے جس گھرمیں وہ آج موجود ہیں اس گھرانے کے سربراہ چودھری محمد صدیقؒ سیالکوٹ ائرپورٹ کے بانی ڈائریکٹروں میں شامل ہیں جبکہ ان کے صاحبزادوں چودھری محمد جاوید، چودھری محمد رضوان، علی چودھری اور شمس چودھری بھی سیالکوٹ ائرپورٹ کے انتہائی فعال ڈائریکٹروں میں شامل ہیں اور ائرپورٹ کی مختلف کمیٹیوں میں شامل ہو کر اس کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایسی یاد گار تقریب میں انہیں مدعو کرکے چودھر ی محمد جاوید نے انہیں سیالکوٹ کی نامور شخصیات سے ملنے کا جو موقع فراہم کیا ہے اس پر ان کے انتہائی شکر گزار ہیں۔

مہمان ذی وقار میاں محمد ریاض بانی چیئرمین سیال نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ دنیا کا پہلا کمیونٹی ائرپورٹ ہے جو 365 ڈائریکٹروں پر مشتمل غالباً دنیا کی بڑی کمپنی نے بنا کر عزم و ہمت کی ایک لازوال مثال قائم کی۔انہیں اس بات کی خوشی ہے جن پانچ شخصیات نے اس کام کو شروع کرنے کا بیڑہ اٹھایا ان میں محمد حنیف خان بھی شامل ہیں جو اس تقریب میں رونق افروز ہیں جبکہ اس کے اولین چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم ڈار بھی ہمارے ساتھ تشریف فرما ہیں۔

میاں محمد ریاض نے کہا کہ چودھری محمد جاوید کے والد محترم چودھری محمد صدیق نے ابتدائی ڈائریکٹروں میں شامل ہو کر ہم پر جو اعتماد کیا تھا اسے وہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ا ور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں۔مہمان ذی وقار محمد حنیف خان اور ڈاکٹر محمد اسلم ڈار نے اپنے خطاب میں سیالکوٹ میں وطن عزیز کے ممتاز بزنس مین و چیئرمین اتحاد فاؤنڈر گروپ ریاض الدین شیخ ستازہ امتیاز کی قیادت میں بزنس کمیونٹی اور سیالکوٹ شہر میں شروع کئے گئے مختلف کاروباری اور رفاہی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی تعمیروترقی کے لئے اپنا کردار جاری و ساری رکھے گی۔

آخر میں میزبان چودھری محمد جاوید نے تمام مہمانوں کا شکریہ کیا اور مہمان خصوصی چودھری شفقت علی کو دورہ سیالکوٹ کی دعوت دی تاکہ ان تمام منصوبوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔شفقت علی نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے جلد ہی اس حوالے سے پروگرام بنانے کا وعدہ کیا۔ تمام مہمانوں کے لئے پرتکلف عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔تمام شرکاء نے چودھری محمد جاوید کی مہمان نوازی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا-

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!