کویت (محمد عرفان شفیق سے) پاکستانی بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن کویت چیپٹر کے زیراہتمام 27ویں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جو کہ کویت میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہسپتالوں میں خون کی کمی کے پیش نظر کویت بلڈ بنک کی درخواست پر منعقد کیا۔عطیہ خون کا یہ سلسلہ بعد از نماز تراویح شروع ہوا جو کہ رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی معروف سیاسی، سماجی، ادبی، دینی، ثقافتی اور صحافتی شخصیات نے کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور پاک ڈونرز کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر اور پاکستان سے خصوصی طور پر آئے ہوئے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے سینئر ڈاکٹر، جناب آصف لویا نے خصوصی شرکت کی۔سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ لمحات اطمینان اور سکون کے تبرک سے بھرپور ہیں، رمضان المبارک کی برکتوں میں لپٹی ہوئی گھڑیاں، جہاں پاک ڈونرز جیسے نوجوان دل و جان سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، واقعی قابل ستائش ہیں۔

سینئر ڈاکٹر، جناب آصف لویا نے کیمپ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ زندگیاں بچانے والے ہی قوم کے اصل ہیروز ہوتے ہیں۔ خون عطیہ کرنا صرف خوش نصیبوں کا کام ہے۔کیمپ کے انچارج اور نوجوان یوٹیوبر محمد عمران ظفر کی قیادت میں تقریباً 175 عطیہ دہندگان نے اس عظیم مشن میں اپنا حصہ ڈالا اور ضرورت مند مریضوں کی زندگی بچانے میں مدد فراہم کی۔کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات ڈاکٹر شجاع الدین کھوکھر، رانا اعجاز حسین ایڈووکیٹ اور محمد عارف بٹ نے اس عظیم خدمت پر پاک ڈونرز کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے نئے ٹیم انچارج عبدالوحید جابر علی کو مستقبل میں بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم روزِ اول سے پاک ڈونرز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کی خدمات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ سات دنوں سے کم وقت میں اتنا کامیاب، پُر وقار اور پُررونق بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد صرف پاک ڈونرز کا خاصہ ہے۔ جس لگن، خلوص اور محنت سے یہ کیمپ منعقد کرتے ہیں، اس کی کوئی مثال نہیں۔ مسلسل کئی سالوں سے یہ پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، اور ہمیں انہیں مزید سپورٹ کرنا ہوگا۔
پاک ڈونرز کے سبکدوش ہونے والے انچارج نعمان اسلم گھمن نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم، سفارت خانہ پاکستان، عطیہ دہندگان، رضاکاروں، کمیونٹی رہنماؤں، صحافیوں اور خواتین رضاکاروں کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نئے ٹیم انچارج عبدالوحید جابر علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک ڈونرز کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے اور اس خدمت کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے کیمپ میں شرکت کی، جن میں چوہدری مدثر حسین، سید سلطان الکندری، عرفان ریاض نون، عثمان مانگٹ، ڈاکٹر شجاع الدین کھوکھر، رانا اعجاز سہیل، ڈاکٹر رحمت اللہ خان، صدف علی صدف، محمد طاہر بشیر، محمد زبیر شرفی، محمد فیصل مرزا، عقیل دانش گوندل، محمد عرفان عادل، سینئر صحافی محمد عمر، اختر کوہستانی، ریاض راجپوت، آفتاب گوندل، شمشاد غنی چیمہ، قیصر چوہدری، محترمہ صائمہ رانی، میاں محمد عرفان، سکندر کھوکھر، شبیر احمد بٹ، خلیل احمد بھٹی، اشفاق ملک، چوہدری عبدالروف وڑائچ، معروف شاعر و ادیب محمد ریاض، مجاہد حسین چشتی، راجہ عرفان ضیاء اور راجہ محمد حنیف شامل تھے۔
پاک ڈونرز کی ٹیم اس کامیاب کیمپ کے انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے اور عطیہ خون کی اس روایت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ اس عظیم مشن کا حصہ بنیں، کیونکہ ہر خون کا مالک، خون کا عطیہ دہندہ ہونا چاہیے!پاک ڈونرز، آپ سب کے تعاون کے لیے دلی طور پر مشکور ہے اور ہم امید کرتے ہے کہ آئندہ بھی یہ کارواں اسی جذبے کے ساتھ رواں دواں رہے گا۔