منہاج القرآن فن لینڈ کے زیراہتمام 15ویں سالانہ میلاد النبی کانفرنس کا انعقاد

0

اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) منہاج القرآن فن لینڈ کے زیر اہتمام 15ویں سالانہ میلاد النبی کانفرنس کا انعقاد ،کانفرنس میں ایسپو ، ونٹا اور ہیلسنکی سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بچوں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس میں اہل تشیع کمیونٹی کے امام رسالہ عباس، صومالین امام محمد عادن ویکی، تاتار کمیونٹی سے امام رمل اور دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض حاجی اکرام اشرف چشتی اور حاجی امین یاسر نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری نے محفل میلاد میں شرکت کرنے پر تمام حاضرین اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں ماہ میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی۔ مطیع اللہ نے تلاوت قرآن سے محفل کا آغاز کیا، چوہدری شبیر شہزاد اور حافظ محمد بلال نے بارگاہ رسول ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے،بچوں نے حمد و ثناء پیش کی اور تحائف سے انکی حوصلہ افزائی کی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام سنوایا گیا ۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ نے مجھے رحمت العالمین بنا کر بھیجا، انہوں نے کہا کہ میلاد کا اصل پیغام یہ ہے کہ نبی رحمت العالمین کی تعلیمات کی اتباع کی جائے اور اپنے اخلاق اور سیرت کو سنوارا جائے۔

امام رسالہ عباس نے منہاج القرآن کی اخوت، ربط مابین مسلمین کی کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا، تاتار کمیونٹی کے امام رمل نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج القرآن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے دینی پروگرام اصلاح وتربیت کا سبب بنتے ہیں اور عشق رسول ﷺ کی اتباع کا ذریعہ ہیں۔

محفل میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا فنش زبان میں ترجمہ عرفان القرآن کے دوسرے ایڈیشن کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ فنش زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ پروفیسر ساجد علی نے کیا اور ویڈیو لنک کے ذریعے انکا پیغام بھی سنایا گیا۔

سید عدنان علی، عبدالباسط، مرزا علیم بیگ، شیراز احمد، حاجی یاسر امین، محمد اکرم چشتی، ولید احمد، صوفی ارشد محمود اور دیگر نے قرآن پروجیکٹ میں اہم کردار ادا کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ چوہدری شبیر شہزاد، محمد سعد اور حافظ محمد بلال نے درود سلام پیش کیا اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ میلاد کانفرنس کے اختتام پر تمام مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!