پاکستانی مسیحی برادری پاکستان کی ثقافتی، روحانی اور تہذیبی ثقافت کا بہت اہم حصہ ہیں، ہائی کمشنر معظم احمد خان
لندن(تارکین وطن نیوز)کرسمس کے سالانہ استقبالیہ گزشتہ شام پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقد ہوا۔ جس میں بشپ آف گلفورڈ ریورنڈ اینڈریو واٹسن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ تقریب کے دیگر اہم مہمانوں میں کامن ویلتھ کی سیکریٹری پیٹریشیا سکاٹ لینڈ، بشپ مائیکل نذیر علی اور سابق میئر ڈربی جیمز شیرا شامل تھے جبکہ برطانوی پاکستانی مسیحی برادری نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ کرسمس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی اور قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کی ہمدردی اور انسانیت کے عالمگیر پیغام کو یاد دلانے کا وقت ہے۔ آزادی کی جدوجہد اور ایک نئی قومی ریاست کی تعمیر میں ان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری پاکستان کی ثقافتی، روحانی اور تہذیبی ثقافت کا بہت اہم حصہ ہیں۔
تعمیر وطن میں ان کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے بنیادی اصولوں کا حصہ ہے اور حکومت پاکستان اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہائی کمشنر نے یاد دلایا کہ کرسمس کے دن، ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی مناتے ہیں، جہاں تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق حاصل ہوں اور ان کے ایسی مملکت کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتے ہیں۔
مقررین نے یسوع مسیح کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عالمگیر بھائی چارے اور پرامن بقائے باہمی کے لیے تہذیبوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے پر زور دیا۔ مقررین نے ایک کثیر جہتی پاکستان کے لیے قائداعظم کے تصور کو بھی سراہا۔ تقریب کی میزبانی ریورنڈ رانا یوب خان اور عارف انیس ملک نے کی۔