سفارتخانہ ڈنمارک، یو این او ڈی سی اور نیکٹا کے زیراہتمام فٹبال میچ کے ذریعے امن منصوبے کا آغاز

0

اسلام آباد (تارکین وطن نیوز) اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کے اشتراک اور سفارتخانہ ڈنمارک، اسلام آباد کے مالی تعاون سے "آن لائن اور کمزور طبقات کے نوجوانوں میں پرتشدد انتہاپسندی کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق پاکستان کے اقدامات کے استحکام” کے لئے SPREE پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔

پراجیکٹ کے افتتاح کے سلسلے میں اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز (آئی ایم سی بی)، ایچ نائن، اسلام آباد میں ایک فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا۔ پراجیکٹ کا مقصد نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کے ذریعے علاقائی استحکام اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری لانا ہے جن کا آغاز "کھیلو، امن کے لئے” کے مرکزی پیغام پر مبنی فٹبال میچ کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب کا مقصد اس بات کا عملی اظہار تھا کہ کھیل نوجوانوں اور معاشرے میں امن اور برداشت کو فروغ دینے کا ایک انتہائی موثر ذریعہ ہیں۔

افتتاحی تقریب میں ڈنمارک کے سفیر، ہِز ایکسیلنسی جیکب لینولف، پاکستان کے لئے نمائندہ یو این او ڈی سی اور ڈائریکٹر جنرل نیکٹا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہِز ایکسیلنسی جیکب لینولف نے کہا کہ ڈنمارک معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے نوجوانوں کی قوت پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ اس نوعیت کی مثبت اور صحت بخش سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے ڈنمارک پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ اپنے دوستی کے جذبات کا اظہار کرتا ہے اور انہیں علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے فروغ امن کی کوششوں میں نیکٹا اور یو این او ڈی سی کے کردار کو سراہا۔

پاکستان کے لئے یو این او ڈی سی کے نمائندہ ٹروئلز ویسٹر نے کہا کہ یو این او ڈی سی اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں بالخصوص کمزور طبقات اور نوجوانوں میں پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی کوششوں کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے یو این او ڈی سی نوجوانوں کو تعمیری اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل کمیونیکیشنز اینڈ آؤٹ ریچ نیکٹا، محترمہ صالحہ ذاکر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیکٹا ہر قسم کی پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیکٹا اپنے مینڈیٹ کے تحت نہ صرف نوجوانوں میں ریڈیکلائزیشن کا باعث بننے والے عوامل پر تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے بلکہ اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر عملی اقدامات بھی کر رہا ہے۔

محترمہ صالحہ ذاکر نے کہا کہ نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کے ذریعے سماجی یکجہتی معاشرے کی اساس کو مضبوط بنانے کے بے پناہ مواقع پیدا ہوتے ہیں جو پاکستان کی شناخت کے حوالے سے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی مقناطیسی قوت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں کھیل کے جذبے کو اپناتے ہوئے معاشرے میں برداشت اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیں۔ اس سلسلے میں سماجی سرگرمیاں ملک میں پرتشدد انتہاپسندی، نفرت پر مبنی تقریر اور دہشت گردی کی لعنت کو روکنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اس موقع پر دونوں ٹیموں، ‘بلیوز’ اور ‘وائٹس’ کو تماشائیوں سے متعارف کرایا گیا جنہوں نے دونوں ٹیموں کو بھرپور داد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔تیس تیس منٹ کے دو ہاف پر مشتمل میچ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا اور کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور جیت کے عزم کا بھرپور طریقے سے اظہار کیا۔ بلیو ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے وائٹس کو دفاعی سوچ اپنانے پر مجبور کر دیا۔

پہلے ہاف کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی سرتوڑ کوششیں کی گئیں لیکن کسی بھی ٹیم کو اپنے مقصد میں کامیابی نہ مل سکی۔ دوسرے ہاف کے دسویں منٹ میں کھیل کا پانسہ اس وقت پلٹ گیا جب وائٹ ٹیم نے گولر کرنے میں کامیابی حاصل کی اور تماشائیوں میں جوش وخروش کی ایک نئی لہر دوڑ گئی۔ وائٹس ٹیم کے حوصلے بھی پست نہیں ہوئے اور انہوں نے انتہائی پرعزم کھیل پیش کرتے ہوئے تماشائیوں سے خوب داد وصول کی۔ بالآخر میچ کا فیصلہ شوٹ آؤٹ کے کانٹے دار مقابلے پر ہوا جس میں وائٹس ٹیم نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

اختتامی تقریب کے دوران پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال نے کالج میں اس شاندار تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا اور ثقافتی، سماجی اور سیاسی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے لوگوں میں باہمی احترام اور افہام وتفہیم کے فروغ کے لئے کھیلوں کے موثر کردار پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے آخر میں پرنسپل نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں پیش کیں اور انعامات دئیے جبکہ عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی طرف سے شاندار کھیل دیکھنے کو ملا جبکہ تماشائیوں نے پورے میچ کے دوران اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھرپور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!