سفارت خانہ کسی بھی فورم پر تارکین وطن اور نوجوان پاکستانی ہنر مندوں کی حو صلہ افزائی کیلئےپرعزم ہے:سفیر پاکستان ثقلین سیدہ

0

برلن (رپورٹ :مطیع اللہ) سفارت خانہ پاکستان برلن نے دو روزہ ایشیا برلن سمٹ 2024 میں شرکت کی جس کا اہتمام روٹس راتھاؤس، برلن میں 25 سے 26 نومبر 2024 تک کیا گیا تھا۔ اس سال کی تقریب کے موضوعات بالترتیب گرین ٹیک انرجی، اے آئی کوانٹم، موبلٹی ٹرانسپورٹ، ہیلتھ، بایوٹیک اور فن ٹیک،انشور ٹیک تھے۔

مذکورہ ایونٹ میں چین، جاپان، بھارت، جنوبی کوریا، سری لنکا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور فلپائن کے شرکاء نے شرکت کی۔سفارت خانہ پاکستان نے پہلی بار اپنے بوتھ کے ذریعے نوجوان تارکین وطن کو اپنے منصوبوں کی نمائش اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ B2B تعلقات استوار کرنے کا موقع فراہم کیا۔

سفیر ثقلین سیدہ نے دونوں دن اس اجلاس میں شرکت کی اور سفارت خانے کی جانب سے تارکین وطن کے لیے تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال پاکستان کی جانب سے نوجوان ہنرمندوں کے ساتھ شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ عملی طور پررابطہ استوار کر سکیں۔

اس سال کمیونٹی کے چار نوجوان ممبران نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور اپنےاپنے منصوبوں کے حوالے سے شرکاء کےساتھ سیرحاصل گفتگوکی۔ برلن سینیٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ہونے والی اس تقریب نے ایشیا اور برلن میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے اندر کمیونٹیز کو ایک اجتماعی پلیٹ فارم فراہم کیا۔

سالانہ تقریب پالیسی سازوں، اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کے لیے ایشیا اور برلن کے جدید ترین ٹیک رجحانات پر تعاون اور تبادلہ خیال کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر رواں ہفتے برلن میں متعلقہ انوویشن اسپیسز کے دورے اور پینل ڈسکشنز بھی منعقد کی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!