57 فیصد امریکی کمپنیوں نے گزشتہ سال چین میں دوبارہ سرمایہ کاری کی
بیجنگ (ویب ڈیسک) ہانگ کانگ کے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق جنوبی چین میں امریکن چیمبر آف کامرس کے حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی کمپنیوں سمیت چین میں موجود غیر ملکی کمپنیاں آنے والے برسوں میں چین میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور اپنے منافع کو بڑھانے کی خاطر مزید سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
جنوبی چین میں امریکن چیمبر آف کامرس نے گزشتہ سال 11 اکتوبر سے 23 دسمبر تک جنوبی چین میں 316 ممبر کمپنیوں کا سروے کیا اور سروے میں شامل 34 فیصد کمپنیوں کا تعلق امریکہ، 25 فیصد چائنیز مین لینڈ، 17 فیصد ہانگ کانگ اور مکاؤ، 14 فیصد کا یورپ اور 10 فیصد کا دیگر ممالک سے تھا۔
سروے میں شامل کمپنیوں نے کہا کہ وہ چین میں اپنے کاروبار اور مارکیٹ شیئر کو بڑھانے کے لئے اگلے تین سے پانچ سالوں میں چین میں اپنے منافع میں سے 14.59 بلین امریکی ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کریں گی۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ سروے کے مقابلے میں 33.18 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سروے میں شامل 57 فیصد امریکی کمپنیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال چین میں دوبارہ سرمایہ کاری کی ہے۔ تقریبا نوے فیصد امریکی کمپنیوں نے کہا کہ وہ گزشتہ سال چین میں منافع بخش رہی ہیں۔ سروے نتائج چینی مارکیٹ کی صلاحیت پر غیر ملکی کمپنیوں کے نئے اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔