پاک سوئس سوسائٹی لوزرن کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام

0

لوزرن،سوئٹزرلینڈ (رپورٹ:عمران مزمل) رمضان المبارک کے بابرکت اور رحمتوں والے مہینے میں ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے وہ اپنے دوسرے مسلمان بھائی، بہنوں اور بچوں کا روزہ افطار کروائے اور دیار غیر میں رہتے ہوئے یہ کسی بھی چیلنج سے کم نہیں، لیکن سوئٹزر لینڈ میں ایک ایسی تنظیم ہے جو ہر سال کمیونٹی کے اعزاز میں بھرپور افطار ڈنر کا اہتمام کرتی ہے۔

اس تنظیم کو پاک سوئس سوسائٹی لوزرن کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سوسائٹی نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

پہلے عشرے کی رحمتوں اور فضیلتوں کو سمیٹتے اور الوداع کہتے ہوئےپاک سوئس سوسائٹی لوزرن کی فیملیز نے ایک شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں فیملیز کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی، افطار ڈنر کا آغاز حسب معمول ذکر الٰہی سے کیا گیا اور دعا فرما ئی گئی۔ افطار ڈنر کی خصوصی بات تمام فیملیز کی جانب سے روزے داروں کا روزہ کھلوانے کیلئے جوش و جذبہ دیدنی تھا، ہر فیملی کی خوائش تھی روزہ افطار ان کے تیار کردہ پکوان سے کیا جائے۔

سوئس میں بسنے والی پاکستانی نامور شحصیات نے افطار ڈنر میں شرکت کی جس میں قابل ذکر نام رانا الطاف ، سید توقیر شاہ، مرزا ندیم، مرزا نصیر، محمد آصف ، نعیم احمد، شاہد منظور، محترم علوی، محترم بٹ صاحب، جمی صاحب ، بشیر شیرازی، کھوکھر برادران، چودھری اختر گجر، نوید احمد، سید اصباح شاہ، معروف بزنس مین خاور سعید اور دیگر شامل تھے ۔

شرکا کا کہنا تھا دیار غیر میں رہتے ہوئے پاکستانیوں کے درمیان اس طرح کے افطار ڈنر کا ہونا کسی غنیمت سے کم نہیں، اس طرح کے افطار ڈنر پاکستانیوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے اور بچوں کو دین اسلام کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے انتہائی مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

رمضان المبارک کی فضیلتوں برکتوں، زندگی پر ہونے والے اثرات کو سمجھنے اور کمیونٹی کو جوڑے رکھنے کیلئے اس طرح کے افطار ڈنرز بہت ضروری ہوتے ہیں، پاک سوئس سوسائٹی لوزرن کی پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم اکھٹا کرنے کی اس بہترین کاوش کو تمام افراد نے بے حد سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!