اوسلو میں چوہدری صلابت علی تہال کی جانب سے شاندار گرینڈ افطار ڈنر

0

اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) ناروے کے معروف سماجی رہنما اور سابق صدر تہال ویلفیئر سوسائٹی ناروے، چوہدری صلابت علی تہال کی جانب سے ایک شاندار اور پروقار گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں مذہبی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی نمایاں شخصیات کے علاوہ معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افطار سے قبل ایک مختصر مگر روحانی و ایمان افروز محفل کا انعقاد کیا گیا، جس کا آغاز علامہ صفوۃ المجددی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا اور معروف ثناء خوان عبدالمنان نے مخصوص انداز میں بارگاہ رسول ﷺ میں عقیدت کا نذرانہ پیش کیا جس نے شرکاء کے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے معمور کر دیا۔

علامہ شیراز مدنی نے ختم شریف پڑھا، جس کے بعد معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عدیل زاہد نے خصوصی دعا کرائی، جس میں امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، پاکستان اور ناروے میں بسنے والے مسلمانوں کی سلامتی اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی گئی۔

چوہدری صلابت علی تہال صرف ایک نام نہیں، بلکہ اخلاص، اخلاق اور خدمت کے پیکر ہیں۔ وہ نہ صرف تہال ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے سابق صدر ہیں، بلکہ آمِرود اہلِ سنت مسجد کے مرکزی رہنما بھی ہیں۔

ان کی دینی و سماجی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور وہ ہمیشہ کمیونٹی کی بہتری کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔ان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ افطار ڈنر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، جس میں محبت، بھائی چارے اور اسلامی روایات کی جھلک واضح نظر آئی۔

افطار ڈنر میں شریک معززین نے چوہدری صلابت علی تہال کی اس کاوش کو بے حد سراہا، مختلف سماجی و سیاسی رہنماؤں نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور سماجی بھلائی کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

یہ خوبصورت اجتماع نہ صرف ایک افطار ڈنر تھا بلکہ اتحاد و یکجہتی کا مظہر بھی تھا، جہاں مختلف مکاتبِ فکر اور پسِ منظر سے تعلق رکھنے والے افراد ایک چھت تلے محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے نظر آئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!