اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے وفد کی سفیر پاکستان سید سجاد حیدر سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال
کویت(نمائندہ خصوصی)اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر جاوید اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارت خانہ کویت میں سفیر سید سجاد حیدر سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں جاوید اقبال سمیت نثار احمد خٹک سیکریٹری جنرل، صدف علی صدف شعبہ تعلقات عامہ اور جناب محمود احمد خان شعبہ میڈیا شامل تھے۔سفیر سید سجاد حیدر کی معاونت کمیونٹی و یلفیئر اتاشی فرخ سیال نے کی، ملاقات انتہائی خوش گوار ماحول میں ہوئی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر نے سفیر پاکستان کو کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، سفیر پاکستان نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی سرگرمیوں کو سراہا اور اس کے دائرہ کار کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے اور کمیونٹی کے افراد کو اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے وفد نے کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے بھی سفیر سید سجاد حیدر سے تبادلہ خیال کیا ،سفیر پاکستان نے سفارت خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔ محترم جاوید اقبال نے سفارت خانہ پاکستان اور بالخصوص سفیر پاکستان کی کویت میں کاوشوں کو سراہا جس سے وطن عزیز پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ ہوا اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوئے۔
کمیٹی کے صدر نے سفیر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی کوششوں سے کافی تعداد میں ہنر مند افراد پاکستان سے کویت آئے، سفیر پاکستان نے یقین دلایا کہ ویزوں کے اجراء میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی اور دیگر شعبہ جات میں بھی نئے افراد کے ویزوں کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
سفیر پاکستان نے کمیٹی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیوں، دورہ تفسیر، نوجوانوں میں مقابلہ حسن قرآت، سمر کیمپ اور یوتھ ونگ کی دیگر سرگرمیوں کو سراہا۔اس موقع پر صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے کتاب ’’مقصد حیات‘‘ سفیر پاکستان اور فرخ سیال کو پیش کی۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے صدر نے سید سجاد حیدر کو الوداعی عشائیے کی دعوت دی جو سفیر محترم نے قبول کر لی۔