لوٹن ( نمائندہ خصوصی) چیئرمین موومنٹ برائے میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ برطانیہ اور یورپ حاجی چوہدری محمد قربان نے ایک خصوصی بیان کے ذریعے وزیراعظم پاکستان جناب میاں شہباز شریف کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے کہ جنہوں نے حالیہ اوورسیز پاکستانی کنونشن میں میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی فزیبلٹی سٹڈی کا حکم دے کر لاکھوں اوورسیز کشمیریوں کے دل جیت لیے۔ یہ قدم نہ صرف ایک دیرینہ مطالبے کی طرف مثبت پیش رفت ہے بلکہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک سنگِ میل بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور، جسے "لٹل برطانیہ” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک میں بسنے والے کشمیریوں کا مرکز ہے۔ لاکھوں افراد کا تعلق براہ راست میرپور، کوٹلی، بھمبر، باغ، اور دیگر آس پاس کے علاقوں سے ہے۔ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانی و کشمیری اپنے اہل خانہ سے ملنے، کاروباری مواقع تلاش کرنے یا اپنے آبائی علاقوں میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے، انہیں اسلام آباد یا سیالکوٹ جیسے ہوائی اڈوں سے طویل اور تھکا دینے والا سفر طے کرنا پڑتا ہے میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس منصوبے سے نہ صرف اوورسیز کمیونٹی کو براہ راست فائدہ ہوگا بلکہ آزاد کشمیر اور گرد و نواح کے علاقوں میں روزگار، سرمایہ کاری اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ ائیرپورٹ معاشی ترقی کا نیا باب کھول سکتا ہے، جہاں سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار میسر آسکتا ہے۔ تعمیرات، ٹرانسپورٹ، ہوٹلنگ، اور دیگر شعبے ترقی کریں گے اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس ائیرپورٹ کی فزیبلٹی سٹڈی محض ایک رسمی کاروائی نہیں بلکہ اس منصوبے کی بنیاد ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سٹڈی شفاف انداز میں مکمل ہوگی اور حکومت جلد از جلد اس اہم منصوبے کی منظوری دے گی۔وہ اپنے تمام ساتھیوں، کمیونٹی لیڈران، اور سیاسی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اس قومی و قومی مفاد کے منصوبے کی حمایت کریں۔ ہمیں متحد ہو کر حکومت پر زور دینا ہوگا کہ میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر جلد از جلد شروع کی جائے ۔
آخر میں، میں ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان جناب میاں شہباز شریف، وفاقی وزراء، اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارے مطالبے کو سنا اور اس پر عملی قدم اٹھایا۔ ان شاء اللہ، وہ دن دور نہیں جب میرپور کی سرزمین پر بین الاقوامی ہوائی اڈہ قائم ہوگا اور ہم سب فخر سے کہیں گے کہ ہمارے خواب نے تعبیر پا لی۔