اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد میں 3 روزہ اوورسیز کنونشن کا آغاز ہو گیا جس میں دنیا بھر کے 25 سے زائد ممالک سے مندوبین شریک ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان تیسرے روز 15 مارچ کو کنونشن سے خطاب کریں گے۔
اس موقع پروزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل سید طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ آج سے اوورسیز پاکستانیز کا گلوبل کانونشن شروع ہورہا ہے،جس کے لیے پوری دنیا سے 1000 سے زیادہ نامور پاکستانی اور پی ٹی آئی کے عہدیداران اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، اسڑیلیا، نیوزی لینڈ، یورپی ممالک، خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے آنے والے یہ تمام لوگ اپنے وطن کو چھوڑ کر پردیسی ہوئے، ہجرت ایک بہت مشکل، کٹھن اور بے یقینی پر مبنی مرحلہ ہوتی ہے۔ اجنبی ملکوں میں آباد ہونا، اپنے لیے حالات کو سازگار بنانا، نامانوس زبان سیکھنا، ایک مختلف تہذیب اور طرزِ معاشرت کو اپنا کر اس میں اپنے لیے گنجائش پیدا کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ مگر ان لوگوں نے یہ مشکل کام کیا، یہ میں نے بھی کیا اور مجھے اس راستے کی مشکلات سے آگاہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھی زندگی کا ایک بڑا حصہ ملک سے باہر گزارا، تبھی پاکستان میں بسنے والوں کے تو لیڈرز بہت سے ہوں گے، مگر ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں میں سے نوے فیصد سے زائد کا لیڈر ایک ہی ہے اور وہ عمران خان ہیں۔
اسلام آباد اووسیز کانفرنس میں شرکت کیلئے جر منی سے آئے پی ٹی آئی کے صدر طارق جاوید اور سابق صدر پی ٹی آئی یوکے علی حیدر خان وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ
میں نے ان معزز اوورسیز پاکستانیوں کے لئے منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز میں اپنے دفتر کے دروازے کھول دئیے اور دل کھول کر ان کی میزبانی کی اور خاص طور پر اداروں کی بہتری اور پاکستان کی پہلی قومی اوورسیز پالیسی کے حوالے سے ان کی تجاویز سنیں،زیراعظم کے معاون خصوصی اور ان کے دیرینہ دوست صاحب زادہ جہانگیر کو بھی خوش آمدید کہا۔
کانفرنس میں جرمنی سے آئے پی ٹی آئی کے وفد نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل سید طارق محمود الحسن اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سے ملاقات کی ،وفد میں سرپرست اعلی توقیر بٹر، کو آ رڈینیٹر حاجی جاوید اقبال ،صدر حبیب الرحمن قاضی،جنرل سیکرٹری جویریہ چوہدری اور انفارمیشن سیکٹری مزمل شریف شامل تھے۔
وزیرِ اعظم کے مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے عمران خان سے وفا کی، کپتان آپ سے عہد نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بیرونِ ملک مقیم ایک کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے چکے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے وزیرِ اعظم کی آواز میں آواز ملائی۔بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئندہ حکومت بھی عمران خان کی ہو گی، وزیرِ اعظم نے 3 سال میں وہ اقدامات کیے جو 70 سال میں نہیں ہوئے تھے۔
وزیرِ اعظم کے مشیرِ پارلیمانی امور نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کو ضمیروں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے دستور میں شامل کیا گیا، اپوزیشن نے ضمیر خریدے اور رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین و قانون کے ذریعے پاش پاش کریں گے۔بابر اعوان نے مزید کہا کہ پہلے مودی کو شادیوں میں بلوا کر ساڑھیوں کے تحفے پیش کیے جاتے تھے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج مودی کو حماقت سے اجتناب کرنے کی تنبیہ اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔
اوورسیز کنونشن سے وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزیرِ اعظم بنے تو بیرونِ ملک پاکستانیوں نے دل کھول کر پاکستان پیسے بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو بیرونِ ملک علاج کرانا، جائیداد بنانا پسند ہے، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے۔فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اوور سیز پاکستانیوں کے لیے مزید اقدامات کریں گے، وہ اوور سیز پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دیا، اپوزیشن جماعتوں کو اوور سیز پاکستانیوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ احتساب کے ڈر سے تمام چور اکٹھے ہو گئے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان دنیا میں امن کے داعی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات کے داعی ہیں، آپ جتنی مرضی تحاریکِ عدم اعتماد لے آئیں، یہ عدم اعتماد نہیں یہ اعتماد پلس ہو گا۔فرخ حبیب کا مزید اپوزیشن رہنماؤں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا ہے کہ آپ ڈرون حملوں کی اجازت اپنے دستخطوں سے دیتے تھے، الیکشن کمیشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ کا کیس لگا ہوا ہے۔
وزیرِ مملکت نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈروں نے جوگڑھا پی ٹی آئی کے لیے کھودا تھا یہ اس میں خود ہی گریں گے، عمران خان پاکستان کے عوام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔