لندن میں میاں نواز شریف کے گھر کے باہر پی ٹی آئی کا بڑا احتجاج، شدید نعرے بازی

0

لندن/میلبرن(تارکین وطن نیوز)اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کو وزات اعظمیٰ سے ہٹائے جانے کے خلاف پاکستان سے باہر یورپ سمیت دنیا بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ایسا ہی ایک احتجاج برطانیہ میں لندن کے پارک لین روڈ پر منعقد کیا گیا۔

یہ وہی پارک لین روڈ ہے جہاں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ یعنی سابق وزیراعظم نواز شریف کا گھر بھی واقع ہے۔لندن میں مقیم صحافی مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق برطانیہ میں پی ٹی آئی نے لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پھر وہ احتجاج کرنے ایون فیلڈ فلیٹس آگئے۔

لندن میں مقیم ایک اور پاکستانی صحافی اظہر جاوید نے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خطرناک صورتحال لندن میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا نواز شریف کے گھر کے باہر مظاہرہ۔ عمران خان کے ذاتی دوست صاحبزادہ جہانگیر قیادت کررہے ہیں۔‘

لندن کے ہائیڈ پارک میں بھی پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے مظاہر کیا گیا۔ برطانیہ میں مقیم فرید احمد کی جانب سے ٹویٹ کی گئی ویڈیو میں مظاہرین نعرے لگارہے ہیں کہ اگر عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے تو وہ ترسیلات بھی نہیں بھیجیں گے۔

لندن میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں احتجاجی مظاہرے کے دوران ایک پاکستانی خاتون زار و قطار رو پڑیں جس کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی خاتون احتجاجی مظاہرے میں روتے ہوئے گفتگو کر رہی ہیں۔

خاتون نے کہا کہ ہمیں عمران خان واپس چاہیے، ہم بھکاری نہیں ہیں، وہ خود بھکاری ہیں جنہوں نے اربوں کی جائیدادیں بنالیں۔خاتون نے سوال کیا کہ کیا اب ڈیزل ہمارا صدر بنے گے؟ ہمیں شرم آئے گی کہتے ہوئے کہ ڈیزل ہمارا صدر ہے۔

ادھر آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کی حمایت میں مظاہرے شروع کردئیے۔ اووسیر پاکستانی عمران خان کی حمایت میں نکلنے لگے ہیں، آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عمران خان کے حق میں احتجاج کیا گیا۔

مظاہرے میں شریک اووسیز پاکستانیوں نے ‘بھکاری حکمران بن گئے’ جیسی تحریروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، بینرز پر بیرونی سازش نامنظور اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں کے نعرے بھی درج تھے۔خواتین کی بڑی تعداد بھی مظاہرے میں شریک تھی، کئی پاکستانیوں نے ’’بھکاری کبھی لیڈر نہیں بن سکتے‘‘والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوگئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی 2018ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں برسراقتدار آئی اور عمران خان نے 18 اگست 2018ء کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔

واضح رہے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت کا دعویٰ ہے کہ انہیں اپوزیشن جماعتوں نے بیرو نی سازش کے ذریعے منصب سے ہٹایا اور اس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!