اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن کے سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ (پی پی این ای) کی جانب سے پاکستان میں ایک اور اسیکنڈےنیویائی طرزِ تعلیمی ادارے کا قیام عمل میںلایا گیا، برٹش اسکول آف کراچی کے تعاون سے کراچی کے علاقے کھارادار میں اسکینڈے نیویائی طرز تعلیم کے پہلے اسکول کا افتتاح کیا گیا۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ زبیر حسین نے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے بذریعہ زوم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ نصاب میں تبدیلی تو نہیں کرسکتا مگر طرزِ تعلیم کو اس طرح منفرد بناتا ہے کہ طلبہ کو تعلیم بوجھ کے بجائے دلچسپ لگنے لگتی ہے، جس سے مستقبل کے معماروں میں کتاب کلچر کا رجحان بھی بڑھتا ہے اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور تکنیکی شعور بھی میسر آتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مالمو انٹرنیشنل اسکول پی پی این ای کا پراجیکٹ ہے جس کی مکمل معاونت ہماراادارہ کرتا ہے جبکہ برٹش اسکول آف کراچی سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ہمارا تعاون تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہے جس کی بدولت اسکینڈے نیویائی طرزِ تعلیم کو کم وقت میں شہر بھر میں رائج کیا جاسکتا ہے۔ اسکول کا افتتاح کراچی کے معروف سیاسی اور سماجی رہنما چوھدری عمران اور سید ارشاد شاہ نے کیا۔
برٹش اسکول آف کراچی کے چئیرمین عارف حسین نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعاون سے کہ کراچی میں ہماری تیسری برانچ ہے انشاللہ شہر کے دیگر علاقوں میں بہت جلد مزید برانچز کا آغاز کیا جائے گا۔اسکول کی افتتاحی تقریب میں شہر کی کاروباری، سماجی و سیاسی شخصیات مالمو انٹرنیشنل اسکول کے سربراہ اشفاق احمد، ڈی ایم دانش بلوچ، فاروق سانگانی، خالد اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔