سویڈن کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد

0

سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی )سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمدنے سٹاک ہوم ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل افیئرز (SAIA) کے بورڈ ممبران سے ملاقات کی۔ اجلاس کے دوران بورڈ ممبران کو پاکستان کی مجموعی خارجہ پالیسی، اس کی بھرپور ثقافت، منفرد ورثےاور خوبصورت مناظر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ ہم سویڈن کے ساتھ اپنےتعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور نارڈک ملک کے ساتھ تمام شعبوں بالخصوص سیاسی، دفاعی، تجارتی، اقتصادی،تعلیمی اور تکنیکی تعاون میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کاگھر ہے جن میں موئن جو دڑو، ہڑپہ اور ٹیکسلا اور دیگر مقامات پر بدھ مت کے ورثے شامل ہیں۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان بنیادی طورپر ایک مسلم ملک ہے لیکن آئین اس کے تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، جس میں ہندومت، عیسائیت، سکھ مت، بدھ مت، جین مت، کالاش اور زرتشتی جیسے دیگر مذاہب کے پیروکار شامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ سویڈن کی طرح پاکستان بھی اپنے بھرپور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اپنی موسمیاتی سفارت کاری کے ذریعے بین الاقوامی ماحولیاتی کوششوں میں قیادت کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پرروشنی ڈالی کہ پاکستان نے’’عالمی یوم ماحولیات ‘‘ کی میزبانی کی جو کہ ماحولیاتی انحطاط اور موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنے میں ملک کی مضبوط اسناد کا اعتراف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جون 2022میں ’اسٹاک ہوم+50‘ کانفرنس موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے اور تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ SAIA بورڈ کے اراکین نے تنظیم کی طرف سے ترتیب دی گئی ہیکاتھون سرگرمیوں کے بارے میں بات کی اور مستقبل میں تعاون کےامکانات پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے سیاحت کے مقصد سے پاکستان آنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!