امپورٹڈ حکومت دیگر پارٹیوں کیساتھ ملکر اپنے کیسز ختم کروا رہی ہے،اس بات کا بھی نوٹس لیا جائے،پاکستان تحریک انصاف یواےای
دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان تحریک انصاف دبئی کے سابق صدر عرفان افسر اعوان نے اپنے ساتھیوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے بل کی پارلیمنٹ سے منظوری پر بھر پور الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہم پاکستانی سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس بل کی منظوری پر سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے اسکو کالعدم قرار دیا جائے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی حب الوطنی کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو دیگر ممالک کی طرح ووٹ کا فوری حق دیا جائے۔
ساتھ ہی اس بات کا بھی نوٹس لیا جائے کہ امپورٹڈ حکومت دیگر پارٹیوں کیساتھ ملکر اپنے کیسز ختم کروا رہی ہے اور مملکت پاکستان کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک اپنے بیرون ملک رہنے والے شہریوں کو کسی نہ کسی حوالے سے ملک میں ووٹ ڈالنے کا حق دیتے ہیں۔
جن میں سرفہرست کینیڈا ،انڈیا، بنگلہ دیش ، فلپائین اور دوسرے بیسیوں ممالک شامل ہیں،عرفان افسر اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف یواےای اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔