سعودی خاتون کوہ پیما نیلی عطار کی سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت دیگر سفارتی افسران سے ملاقات

0

سعودی خاتون کوہ پیما پہلی مرتبہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی K2 سر کرنے کیلئے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے سعودی خاتون کوہ پیما کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے،سفیر پاکستان

ریاض(وقارنسیم وامق)نامور سعودی خاتون کوہ پیما پہلی مرتبہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی K2 سر کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

نیلی عطاراس سے قبل دنیا کہ بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر سمیت دیگر افسران نے سعودی خاتون کوہ پیما کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے پاکستان کی سیاحت مزید فروغ پائے گی۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں سعودی خاتون کوہ پیما نیلی عطارنے سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت دیگر سفارتی افسران سے ملاقات کی اور بتایا کہ اسکی ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ وہ پاکستان جاکر کے ٹو کو سر کرے جس کے لئے وہ 17 جون سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں، جہاں وہ k2کو سر کرنے کی مہم کے علاوہ دیگر علاقوں کا بھی سفر کریں گی ۔

اس حوالے سے سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے سعودی خاتون کوہ پیما کا یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے، اس سے عرب ممالک کا رحجان بڑھے گا اور سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب سیاحت کے ویزے کو آسان بناتے ہوئے ایک دن میں ویزہ جاری کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحت کو فروغ ملے سفیر پاکستان سمیت دیگر افسران نے سعودی خاتون کوہ پیما کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!