متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN) کا بڑا اقدام
آسٹر کلینک سے علاج میں ڈسکاؤنٹ کے معاہدہ سے یہاں مقیم 1.6 ملین پاکستانی فائدہ اٹھا سکیں گے
معاہدہ کی رو سےمریضوں کوآسٹرکلینک سے40 فیصد رعایت ملے گی
اگلے مرحلہ میں مختلف سکولوں میں فیسوں میں کمی اور ڈسکاؤنٹ پر کام کیا جائے گا
دبئی(طاہر منیر طاہر)متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN) کا قیام 2021 میں کووڈ 19 وباء کے دنوں میں لیا گیا جب ہر کوئی مختلف النوع مسائل سے دو چار تھا- لاہور کے یہ نوجوان میاں عاصم شہزاد نے اپنے دوستوں سے مل کر امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے متذکرہ نیٹ ورک قائم کیا جسے اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN) کا نام دیا گیا۔
اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک میں یہاں مقیم معروف بزنس مینوں، ڈاکٹروں، قانون دانوں، انجینئرز، ریسٹورنٹ مالکان، اساتذہ، سوسائٹی کے معززلوگوں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو شامل کیا گیا اور ان کی رہنمائی اورمشوروں سے خدمت خلق کا آغاز کیا گیا، انتہائی قلیل عرصہ میں 150 سے زائد لوگوں کا رضاکارانہ تعاون مل گیا اورعوامی خدمات کا سلسلہ شروع ہو گیا، اس وقت (OPN) میں ناصر اورکزئی چیئرمین، جمیل خان وائس پریذیڈنٹ، یاسر امتیاز سینئر وائس پریذیڈنٹ، فیصل جمیل وائس پریذیڈنٹ، ڈاکٹروقاص انور صدر (OPN) عجمان، مظہر جاوید جنرل سیکرٹری، جواد عباسی صدر (OPN) دبئی، اختر عالم صدر (OPN) شارجہ اور انعام اللہ بطور صدر (OPN) راس الخیمہ کام کر رہے ہیں۔
حال ہی میں اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN) نے آسٹرکلینک (AsterClinic) سے ایک بڑا معاہدہ کیا ہے جس سے امارات میں مقیم 16لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو علاج معالجہ میں 40 فیصد رعایت ملے گی،متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں اوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک(OPN) اور آسٹرکلینک کے مابین ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے جس کے مطابق ایسٹر کلینک جذبہ خیرسگالی کے تحت امارات میں قیام پذیر1.6ملین سے زائد پاکستانیوں کو40فیصد کی چھوٹ پر علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرے گا، فی الحال یہ سروس عجمان، راس الخیمہ اور الفجیرہ کے آسٹرکلینکس میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے جو بعد ازاں شارجہ دوبئی اور اس کے بعد دیگر تمام یو اے ای کی تمام ریاستوں میں علاج کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔
اس موقع پر OPN کی طرف سے عاصم شہزاد، ملک یاسر اعوان، ناصر جمیل اورکزئی، چیئرمین او پی این، میاں عاصم شہزاد، اطاعت حسین وارثی، فیصل جمیل، ڈاکٹر وقاص انور، شجاعت صدیقی، ممبر آسٹر کلینک علی عسکر، برانچ منیجر عجمان تمجید عبدالعزیزمارکیٹنگ منیجر، جبکہ آسٹر ہسپتال کی طرف سے ڈاکٹر پرشانت سی کے،ڈاکٹر صبا ناز،ڈاکٹر رتیش کمار،ڈاکٹر انوج بالان،ڈاکٹر شہیجا ایم پی، ہری پرساد، اور ڈاکٹر وقاص انورموجود تھے۔
اس موقع پر آسٹر کلینک کی انتظامیہ نے کہا کہ رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں ہے جبکہ ہر پاکستانی بلا تفریق اپنا پاسپورٹ یا پاکستانی شناختی کارڈ دکھا کر ہسپتال کا کارڈ حاصل کر سکتا ہے، جو کسی بھی آسٹر کلینک میں جا کر 40 فیصد رعایت پر علاج معالجہ کی سہولت حاصل کر سکتا ہے، بعض صورتوں میں رعایت کی فیس40 فیصد سے بھی زیادہ ہے آسٹرکلینک کی انتظامیہ نے کہا کہ ہم نے یہ سب جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیا ہے، اس اقدام پر پاکستانی کمیونٹی نے آسٹر کلینک کے اقدام کو سراہا ہے۔
آسٹر ہسپتال کی برانچیں پورے یو اے ای میں واقع ہیں، جسے انڈین کمیونٹی چلا رہی ہے، آسٹر ہسپتال کی طرف سے رعایتی نرخوں پر طبی سہولیات کی فراہمی کوOPN کے ارکان نے آسٹر ہسپتال کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے اور امید کی ہے آسٹر کلینک پاکستانیوں کے لیے مزید سستے پیکج جاری کرے گا جس سے سب کو فائدہ ہو۔ اس موقع پر عاصم شہزاد نے بتایا کہ پاکستانیوں کی سہولت کے لئے انہیں یہ معاہدہ کر کے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
امارات میں موجود سوشل ورک کی بیشمارتنظیمیں عوامی فلاح و بہبود کا وہ کام نہ کر سکیں جواوور سیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN) نے کر دکھایا ہے- جس پر (OPN) لائق خراج تحسین ہے، عاصم شہزاد نے بتایا کہ اگلے پروجیکٹ میں وہ مختلف سکولوں میں فیسوں میں کمی اور ڈسکاؤنٹ پر کام کریں گے تا کہ یہاں مقیم پاکستانی بچوں کو تعلیمی اخراجات میں ریلیف مل سکے۔