پاکستان قونصلیٹ کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کے فروغ پر سیمینار، 42 تاجروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

0

جدہ(وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمای کاری کا عندیہ دیا ہے۔

جدہ میں پاکستا ن قونصلیٹ کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کے فروغ پر ایک شاندار سیمنار کا انعقاد ہوا، سمینار کو سعودی سرمایہ کاروں نے نہایت مفید قرار دیا، جس میں سعودی عرب کے 42 ممتاز سعودی تاجروں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی جن میں چیئرمین مکہ چیمبرز آف کامرس خلف بن حوسان العتیبی، شیخ مزین ایم بیٹرجی، شیخ زیاد بسام، وائس چیئرمین جدہ چیمبرز آف کامرس ہشام بن محمد اے کاکی، عبداللہ الدرویش، شیخ عبدالقادر باشن اور جنرل (ر) مصطفیٰ الجہانی شامل تھے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے پاکستان کی معیشت کی طاقتوں اور کلیدی عوامل کے بارے میں آگاہ کیا جو اسے سرمایہ کاری کی پرکشش منزل بناتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر فوڈ سیفٹی، تعمیرات بشمول نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم، زراعت اور کارپوریٹ فارمنگ، کھیلوں اور جراحی کے سامان کی تیاری اور راوی اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سمیت رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بے پناہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی سفارت کاروں کو سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ جنرل کے مکمل تعاون کے ساتھ ساتھ ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ یہ سیمینار پاکستانی مشنز کی جانب سے دو برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں اس طرح کے اقدامات کا ایک حصہ تھاجس کے لئے قونصل جنرل خالد مجید اور جدہ کے کمرشل قونصلر وحید شاہ نے سعودی سرمایہ کاروں سے تعلقات پیدا کر کے انہیں سفیر پاکستان سے ملنے کا موقع فراہم کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!