جدہ (امیر محمد خان سے) جدہ میں سعودی جرمن ہسپتال جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد ملازم ہے، انتظامیہ نے یوم آزادی کی مناسبت سے خوبصورت پروگرام کا اہتمام کیا جسکے مہمانان خصوصی میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید، اور ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد البناء تھے۔
یوم آزادی کی اس تقریب کا اہتمام محمد اعظم جاوید اورا نکی بیگم طلعت اعظم نے کیا۔ تقریب میں سامعین کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے حصہ لیا ،ہسپتال کے خوبصورت ہال کو سبز اور سفید غباروں سے سجایا گیا تھا ننھے بچوں نے رنگ برنگ کپڑے پہنے تھے۔
ہال میں موجود سامعین کی بڑی تعداد نے قومی پرچم لہراتے ہوئے باسم پیران کے نغموں پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی احمدالبناء نے پاکستانی کمیونٹی اور قونصل جنرل خالد مجید، ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید اور قونصل ویلفیئر شیراز علی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ایک پرجوش قوم ہے ہمیں خوشی ہے کہ انہوں نے اس تقریب کو ایک یادگار تقریب بنایا ہے، انہوں نے کہا ہمارے پاس 800پاکستانی ملازمین ہیں جن میں ڈاکٹرز اور سروسز کے لوگ شامل ہیں ۔
اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں احمد البناء اور سی ایم او ڈاکٹر ہانی باروم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانی کارکنوں کو یہ خوبصورت ہال دیا ،انہوں نے کہا ہمیں امیدہے کہ پاکستان کے مزید محنتی لوگوں کو ہسپتال ملازمتیں فراہم کرے گا ،انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو جب بھی ضرورت ہوئیقونصلیٹ رہنمائی کرنے پر فخر محسوس کرے گا۔
ہسپتال کے سروسز کے مصری انچارج محمد الحسینی نے پاکستانی لباس زیب تن کرکے پاکستانیوں کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مدد فراہم کی۔ سعودی جرمن ہسپتال کی جانب قونصل جرنل خالد مجید کو یادگاری شیلڈ دی گئی ،قونصل جنرل خالد مجید اور احمد البناء نے ہسپتال کے محنتی منتخب ملازمین کو نقد انعامات دیئے۔
یادگار تقریب کے انعقاد پر ہسپتا ل کی جانب سے تمام افراد کیلئے پرتکلف ظہرانہ دیا گیا ،اس عزم کے ساتھ کہ اس طرح کی تقریب آئندہ بھی منعقد ہوتی رہیںگی اور پاکستان قونصلیٹ کا تعاون رہے گا۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد امجد عبید نے یوم آزادی کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔