برطانیہ میں نا صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے غیر قانونی مقیم لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
کسی بھی ملک کا سفر کرنے سے پہلے اس ملک کے قانون کے بارے ضرور جان لیں تا کہ دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے
لندن میں مقیم پاکستانی نژاد محی الدین عباسی کی دبئی آمد پر ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام
محی الدین عباسی کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے میڈیا کے ذریعے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) لندن میں مقیم پاکستانی نژاد محی الدین عباسی گزشتہ دنوں لندن سے متحدہ عرب امارات تشریف لائے، محی الدین عباسی ایک پرانے اور منجھے ہوئے صحافی ہیں جو عرصہ دراز سے لندن میں شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں اور اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھا رہے ہیں، محی الدین عباسی ہفت روزہ لاہور انٹرنیشنل لندن، ہفت روزہ آبگینے، خواتین ڈائجسٹ اور ماہ نامہ The) Global voice) کے چیف ایڈیٹر ہیں۔
علاوہ ازیں وہ آل پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس پریزیڈنٹ اور لاہور انٹرنیشنل کے نام سے یو ٹیوب چینل بھی چلا رہے ہیں، محی الدین عباسی کی امارات آمد پر یہاں مقیم ان کے دوستوں نے ان کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں یو اے ای میں معروف پاکستانی بزنس مین اور سوشل کونٹیکٹ کرییٹر امجد علی، دبئی کے معروف پاکستانی بزنس مین اورپاکستان پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری ذوا لفقار علی مغل، پاک صوفی ریسٹورنٹ کے اونر اور پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدرغلام محی الدین، ہفت روزہ "ڈیزرٹ سٹار” دبئی کے نمائندے اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے عرصہ دراز سے رضا کا رانہ خدمات سر انجام دینے والے راجہ محمد نصیراور طاہر منیر طاہر نے شرکت کی۔
اس موقع پر محی الدین عباسی نے برطانیہ میں مقیم مختلف قومیتوں کے لوگوں کو درپیش قانونی مسائل کا ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں نا صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے غیر قانونی مقیم لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، محی الدین عباسی نے کہا کہ کہ ہم ایک صحافی ہونے کی حیثیت سے اپنی بساط میں رہتے ہوئے ہم وطن مستحقین کی مدد کرتے رہتے ہیں اور لوگوں کو مروجہ قوانین کی پابندی کرنے کی تلقین کرتے ہیں تا کہ انہیں مزید قانونی مسائل کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ قوانین کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے قانون کی زد میں آ جاتے ہیں اور ملک و قوم کی رسوائی کا سبب بنتے ہیں- سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رضاکارانہ رہنمائی اور ہم وطنوں کی مدد کرنے والے سوشل کونٹیکٹ کرییٹرامجد علی، ذوا لفقار علی مغل، غلام محی الدین اور راجہ محمد نصیر نے محی الدین عباسی کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے میڈیا کے ذریعے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش دیگر مسائل کا بھی ذکر کیا گیا اور اپنے ہم وطنوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کسی بھی ملک کا سفر کرنے سے پہلے اس ملک کے قانون کے بارے ضرور جان لیں تا کہ انہیں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔