خواتین کے سوشل میڈیا گروپ واؤ WOW کے زیر اہتمام عجمان میں بریسٹ کینسر کے بارے آگاہی سیمینار

0

اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان کی آگاہی سے منسوب ہے،فرزانہ منصور

ڈھلتی عمر کے ساتھ تمام خواتین کو باقاعدگی سے اپنا طبّی معائنہ کرواتے رہنا چاہئے، ماہرین

کینسرکی جنگ سےجیتنے والی دو خواتین کو خصوصی اسناد اور تحائف سے نوازا گیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) خواتین کے سوشل میڈیا گروپ واؤ WOW نے عجمان کے تھمبے ہسپتال میں بریسٹ کینسر کے بارے میں خواتین کو آگاہی دینے کے لئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان کی آگاہی سے منسوب ہے اور دنیا بھر میں اس ماہ میں بریسٹ کینسر کے بارے میں خواتین کو آگاہی دینے کے پروگرامز مرتّب کئے جاتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کے تھمبےیونیورسٹی ہسپتال میں بھی ایسے ہی ایک پروگرام کا اہتمام کیا اور خواتین کی تنظیم واؤ اور گلوبل بزنس کونسل کی جانب سےچھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ کا اِنعقاد کیا گیا۔

اس ورکشاپ میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ماہرین سے چھاتی کے سرطان کے بارے میں ابتدائی معلومات اور ان سے ممکنہ بچا ئوکے بارے میں آگاہی حاصل کی، عجمان کے تھمبے ہسپتال میں منعقدہ واؤ WOW کی بریسٹ کینسر سے بچا ئو کی آگاہی ورکشاپ کی ابتدا زبیدہ خانم نے تلاوتِ قران سے کی اور سعدیہ ارشد نے نظامت کے فرائض خوبصورتی سے انجام دئیے ۔

اس تقریب کی مہمانِ خصوصی قونصلیٹ جنرل آف دبئی کی پریس قونصلر شازیہ سراج تھیں ۔ورکشاپ میں طبّی اور نفسیاتی ماہرین نے چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی دی اور اس مرض کے بر وقت تفتیش اور علاج کے فوائد کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔

مقررین میں تھمبے یونیورسٹی ہسپتال کی ڈاکٹر اَمل حسن عبدالعزیز اور ڈاکٹر عدنان احمدی آزاد نے اِس سرطان کے طبی اور نفسیاتی پہلوئوں کی وضاحت کی اور اس بات پر زور دیا کہ ڈھلتی عمر کے ساتھ تمام خواتین کو باقاعدگی سے اپنا طبّی معائنہ کرواتے رہنا چاہئیے تاکہ بر وقت علاج سے ممکنہ خطرے کو ٹالا جا سکے۔

ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے مریضوں کی حوصلہ افزائی میں گھر والے اور قریبی عزیز اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر فردوس عمران نے نہایت سادہ الفاظ میں سامعین کو چھاتی کے سرطان سے بچا ئو کے لئے ابتدائی طبی معائنہ اور کچھ روز مرہّ کی مشقوں کے بارے میں بتایا اور حاضرین کے سوالوں کے جوابات بھی دیے گئے۔

مقررین اور حاضرین میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ کینسر کی جنگ سے جیت جانے والی دو خواتین کو خصوصی اسناد اور تحائف سے نواز کر اُن کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ معزز مہمانوں کو ان کے قیمتی وقت کے لئے توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔

ورکشاپ میں پرائما کئیر کی جانب سے خواتین کے لئے اسکریننگ کی سہولت بھی موجود تھی جس سے وہاں موجود خواتین نے بھر پوُر فائدہ اُٹھایا۔ واؤ WOW کی منتظمین فرازانہ منصور اور ثروت زہرا نے مہمانوں اوراپنی ٹیم کی ممبران سعدیہ، زبیدہ خانم اور شیراز منیر کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!