یوم سیاہ کشمیرکے موقع پر صدرمملکت پاکستان اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے گئے
کشمیرتنازعہ کشمیری عوام کے امنگوں کے مطابق حل کیا جائے
دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم سیاہ کشمیرکے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،کشمیری اورپاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے اس موقع پرشرکت کی۔ قونصل جنرل آف پاکستان برائے دبئی وشمالی امارات حسن افضل خان نے منعقدہ تقریب کی صدارت کی اوریوم سیاہ کشمیرکے حوالے سے صدرمملکت پاکستان اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے۔
اس موقع پردبئی میں مقیم کشمیری اورپاکستانی کمیونٹی کے افرادنے کثیرتعدادمیں شرکت کی اورتقریب سے شرکاء سے کشمیری رہنماؤں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران کشمیری رہنماؤں اورکمیونٹی ارکان نے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھارت سے آزادی کے حصول کیلئے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود جدوجہد جاری رکھیں گے۔بھارت اخلاقی اورقانونی طورپرکشمیری عوام کوانکا حق خود ارادیت دینے کا پابند ہے جیساکہ اقوام متحدہ کے چارٹرمیں درج ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ کشمیرتنازعہ کشمیری عوام کے امنگوں کے مطابق حل کرنےکےلئے بھرپورکرداراداکرے۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دن1947سے کشمیری عوام کی مرضی کیخلاف سری نگرمیں اپنی فوج اتار کرجموں وکشمیرپرزبردستی قبضہ کرنے کی بھارتی غیرقانونی اورغیراخلاقی حرکت کے طورپرمنایاجاتاہے جوکہ بھارتی آزادی ایکٹ کی بھی مکمل خلاف ورزی ہے۔
ہرسال27 اکتوبرکویوم سیاہ کے طورپرمنایاجاتاہے۔انہوں نے عالمی برادری،انسانی حقوق کی تنظیموں،بین الاقوامی میڈیا اورسول سوسائٹی سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیرعوام کی حالت زار اورنہتے کشمیریوں پرظلم وجبر کیخلاف علم بلند کریں۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیرکوعالمی فورمزپراٹھایاہے اوراقوام متحدہ اوراس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیاہے کہ وہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپناکرداراداکریں۔
تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں کشمیرمیں بھارتی سیکورٹی فورسزکی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی، تقریب میں قابض بھارتی فورسزکی ظلم وبربریت پرمبنی تصاویری نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا۔
تقریب کے اختتام پرکشمیرکے شہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی اوراقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیرتنازعہ حل کیلئے اپیل بھی کی گئی۔