جدہ(خالد چیمہ سے)پاکستان مسلم لیگ نون نے عمران دور حکومت میں بڑے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا،شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ برادران کو بغیر کسی جرم کے کئی ماہ جیل میں رکھا گیا، اس کا اظہار پاکستان مسلم لیگ نون سابق قومی اسمبلی ممبر نہال ہاشمی نے جدہ میں دئیے گئے عشائیہ میں کیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے نواز شریف سے معافی مانگتے اور میثاق جمہوریت و معیشت پر دستخط کر کے ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتے مگر افسوس عمران خان نے اپنی ذات کی تسکین کے لیے ملک کو پس پشت ڈال کر ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب فرح گوگی کے ہاتھ میں دے دیا ،جہاں اس کی اجازت کے بغیر ایک تھانہ دار بھی نہیں لگ سکتا تھا۔
انہوں نے کراچی کے رہنے والوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بھی ذکر کیا،کراچی پاکستان کا نا صرف بڑا شہر بلکہ معاشی و اقتصادی مرکز ہونے کے باوجود کئی دہائیوں سے سیاست کی نظر رہا ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں کراچی میں وفاق نے بے پناہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جبکہ کراچی کی جماعتوں نے صرف عوام کو دھوکہ میں ہی رکھا ہے۔
تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ نون سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ مسعود احمد پوری نے کی جبکہ انکے ہمراہ جدہ باڈی کے صدر عمر مسعود پوری ،سینئر نائب صدر سعودی عرب نور محمد اراییں،جنرل سیکرٹری جدہ عبدالخالق، میڈیا ہیڈ احسن مسعود، سوشل میڈیا ہیڈ سائرہ شمس، ڈپٹی سوشل میڈیا ذوہیب کھوکھر اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں نے شرکت کی۔